1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن چانسلر میرکل کے لیے امریکی تمغہء آزادی

8 جون 2011

امریکی صدر باراک اوباما نے امریکہ کے دورے پر گئی ہوئیں جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو صدارتی تمغہ برائے آزادی پیش کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11Wgo
تصویر: AP

صدارتی تمغہ برائے آزادی امریکہ کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ہے جو ان شخصیات کو دیا جاتا ہے جنہوں نے امریکی سلامتی، عالمی امن اور ثقافت جیسے امور میں گراں قدر خدمات انجام دی ہوں۔

امریکی صدر باراک اوباما نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں جرمن چانسلر کو یہ اعزاز مقامی وقت کے مطابق منگل کی شب دیا۔ اس موقع پر جرمن چانسلر کے لیے ایک خصوصی عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔

’آج کی شب ہم انگیلا میرکل کو یہ اعزاز اس لیے نہیں دے رہے کہ انہوں نے آزادی حاصل کی، بلکہ اس لیے کہ انہوں نے اس آزادی کا استعمال کس طرح کیا،‘ امریکی صدر باراک اوباما نے انگیلا میرکل کے جرمنی کی پہلی خاتون چانسلر بننے اور متحدہ جرمنی کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا۔

NO FLASH USA Barack Obama Angela Merkel vor dem Weißen Haus in Washington
جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی امریکہ میں بے حد پذیرائی کی گئی ہےتصویر: AP

جرمن چانسلر کو اس دورے میں ریاست کے سربراہ کا پروٹوکول دیا گیا حالانکہ جرمنی میں ریاست کا سربراہ صدر ہوتا ہے۔ بیس برسوں میں جرمنی کے کسی رہنما کے لیے امریکہ میں اس نوعیت کی یہ پہلی تقریب تھی۔

اس موقع پر جرمن چانسلر میرکل نے امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمغہ برائے آزادی کو جرمنی اور امریکہ کے درمیان بے مثال اتحاد کے تناظر میں دیکھتی ہیں۔

میرکل نے اس موقع پر اپنے لیے یہ ایوارڈ ان مردوں اور خواتین سے منسوب کیا جنہوں نے جرمنی میں کمیونزم کے خلاف جدوجہد کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی کی خواہش کو دیواروں میں قید نہیں کیا جا سکتا۔

جرمن چانسلر نے منگل کے روز متعدد اعلیٰ امریکی حکام سے مذاکرات بھی کیے۔ امریکی صدر کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں سر فہرست موضوعات لیبیا اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال، یورو کرنسی اور افغانستان تھے۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں