1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن وزیر خارجہ کی نواز شریف سے ملاقات

8 جون 2013

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے جرمن وزیر خارجہ ڈاکٹر گیڈو ویسٹرویلے نے اسلام آباد میں پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔ پاکستان میں گیارہ مئی کے انتخابات کے بعد وہ پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلی اہم غیر ملکی شخصیت ہیں۔

https://p.dw.com/p/18mDn
Photo: Nicolas Armer/dpa +++(c) dpa - Bildfunk+++
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن وزیر خارجہ ویسٹرویلے نے ہفتے کے روز پاکستان کے نومنتخب وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملا قات کی۔ اس ملاقات کے بعد جاری کیے گئے ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقت کے دوران جرمن وزیر خارجہ نے وزیر اعظم منتخب ہونے پر میاں نواز شریف کو مبارک باد دی اور انہیں جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور جرمنی کے تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مظبوط ہوں گے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق جرمن وزیر خارجہ کا حالیہ دورہ اس بات کا اظہار بھی کرتا ہے کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ تعلقت کو کتنی اہمیت دیتاہے۔

EPA/PID / HANDOUT HANDOUT EDITORIAL USE ONLY +++(c) dpa - Bildfunk+++
جرمن وزیر خارجہ نے وزیر اعظم منتخب ہونے پر میاں نواز شریف کو مبارک باد دیتصویر: picture-alliance/dpa

پاکستان کے معروف نیوز چینل ڈان سے وابستہ سینئیر صحافی متین حیدر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے یورپی یونین میں جرمنی کے ساتھ تعلقات مثالی ہیں۔جرمن وزیر خارجہ کے حالیہ دورے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہ:

''ان کا دورہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ جرمنی پاکستان کی نئی قیادت کیساتھ مختلف شعبوں میں اپنی شراکت داری کو جاری رکھنا چاہتا ہے۔ جرمنی اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹیجک پارٹنر شپ آگے بڑھےگی۔ وہ یقیناً پاکستانی قیادت کو یہ یقین دہانی کرائیں گے کہ جرمنی اس وقت کے مشکل حالات میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔''

جرمنی یورپی یونین میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا سالانہ حجم دو اعشاریہ تین ارب ڈالر ہے۔ اس کے علاوہ جرمنی شمسی توانائی، تعلیم اورصحت کے مختلف منصوبوں میں پاکستان کی معاونت کر رہا ہے۔

جرمن وزیر خارجہ نے ہفتے کی شام پارلیمنٹ ہاؤس میں نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بھی ملاقات کی۔ جرمن ویر خارجہ نے انہیں اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ ملاقت کے دوران جرمنی اور پاکستان کے درمیان پارلیمانی سطح پر روابط کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر سے ملاقات کے بعد گیڈو ویسٹرویلے نے پاکستانی دفتر خارجہ میں وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی اور امور خارجہ سرتاج عزیز اور معاون خصوصی طار ق فاطمی سے ملاقات کی۔ اس ملاقت کے درمیان دوطرفہ تعلقت اور افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثنا ء پاکستان امریکا اور افغانستان کے فوجی کمانڈروں کا سہ فریقی اجلاس ہفتے کے روز راولپنڈی میں ہوا۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق اجلاس میں ایساف کے کمانڈر جوزف ڈنفورڈ، افغان نیشنل آرمی کے سر براہ جنرل شیر محمد کریمی اور پاکستانی بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دواران باہمی دلچسپی کے امور اور پاک افغان سرحد پر صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رپورٹ: شکور رحیم، اسلام آباد
ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید