1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن ماں نے معذور بیٹی کو سالہا سال تک گھر میں قید کیے رکھا

مقبول ملک19 اپریل 2016

جرمن پولیس نے ایک ایسی چھبیس سالہ معذور خاتون کو رہا کرا لیا ہے، جسے اس کی ماں نے سالہا سال تک گھر میں قید کیے رکھا تھا۔ پولیس کی مداخلت کے وقت اس خاتون کی ماں نے دوسری منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش بھی کی۔

https://p.dw.com/p/1IYZB
Symbolbild Zwangsjacke
رہا کرائی گئی نوجوان خاتون کو ذہنی مریضوں کے ایک ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہےتصویر: Fotolia/dgmata

وفاقی جرمن دارالحکومت برلن سے منگل انیس اپریل کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق رہا کرائی گئی 26 سالہ خاتون ذہنی طور پر معذور ہے اور اسے اس کی والدہ نے، جس کی اپنی عمر 54 برس ہے، ممکنہ طور پر سالہا سال تک اپنے فلیٹ میں بند کیے رکھا۔

پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق اس نوجوان خاتون کو جنوبی شہر روزنہائم کے کاٹھ کباڑ اور ’تقریباﹰ کوڑے سے بھرے‘ ایک فلیٹ سے رہا کرایا گیا اور اس کی جسمانی حالت کافی بری تھی، جس سے پتہ چلتا تھا کہ ذہنی سطح پر ایک معذور انسان کے طور پر اس کی دیکھ بھال بالکل نہیں کی گئی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ اب اس خاتون کو ذہنی مریضوں کی ایک علاج گاہ میں داخل کرایا جا چکا ہے۔

عجیب بات یہ ہے کہ پولیس کو اس گھر میں زبردستی بند رکھی گئی نوجوان خاتون کی موجودگی کا علم محض حادثاتی طور پر ہوا۔ اس لیے کہ پولیس اس خ‍اتون کی والدہ کے فلیٹ پر اس لیے گئی تھی کہ ایک عدالتی حکم کے بعد کرائے دار کے طور پر اس خاتون سے یہ فلیٹ خالی کرا سکے۔

لیکن جب پولیس نے اس فلیٹ میں داخل ہونا چاہا تو کرائے دار خاتون نے، جو معذور خاتون کی والدہ بتائی گئی ہے، اپنے فلیٹ کے دروازے کے سامنے سیڑھیوں کے درمیان جگہ سے دوسری منزل سے نیچے زمین پر چھلانگ لگا دی۔

روزنہائم پولیس کا کہنا ہے کہ اس خاتون کا یہ اقدام بظاہر خود کشی کی ایک کوشش تھی، جس دوران اسے شدید چوٹیں آئیں اور اس وقت وہ ایک ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس کو یہ علم تھا ہی نہیں کہ اس گھر میں کسی کو زبردستی بند رکھا گیا تھا۔

جب سرکاری اہلکار فلیٹ میں داخل ہوئے تو انہوں نے دیکھا کہ ایک دروازے کو تالہ لگا ہوا تھا۔ جب اس دروازے کو تالہ توڑ کر کھولا گیا تو پولیس اہلکار وہاں بری جسمانی حالت میں ایک نوجوان خاتون کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔

روزنہائم پولیس کے ایک ترجمان نے مقامی نیوز ویب سائٹ rosenheim24.de کو بتایا، ’’ہمیں یقین ہے کہ یہ نوجوان معذور خاتون کرائے دار خاتون کی بیٹی ہے، جسے غالباﹰ سالہا سال سے اس فلیٹ میں اسی طرح زبردستی بند رکھا گیا تھا۔‘‘

خودکشی کی ناکام کوشش کرنے والی خاتون کے ایک ہمسائے نے اس نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ وہ 2003 سے اس خاتون کے ہمسائے میں رہ رہا ہے لیکن اس نے گزشتہ 13 برسوں میں اس لڑکی کو کبھی نہیں دیکھا تھا، جو آج ایک 26 سالہ خاتون ہے۔