1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’جرمن قومی فٹ بال لیگ باقی یورپ سے کہیں زیادہ دلچسپ‘‘

17 فروری 2009

جرمن فٹ بال لیگ کے سربراہ کرسٹیان زائیفرٹ نے کہا ہے کہ دیگر ممالک کے ساتھ موازنہ کر کے دیکھا جائے تو جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بُنڈس لِیگا کہیں زیادہ دلچسپ جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/GwBa
جرمن فٹ بال لیگ کے سربراہ کرسٹیان زائیفرٹتصویر: picture-alliance/ dpa

زائیفرٹ نے اِس کی وجہ بتاتے ہوئےکہا کہ اِس لیگ میں ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ کونسی ٹیم چیمپئن بنے گی۔ اُنہوں نے بتایا کہ اب تک کی مجموعی کارکردگی کے بعد ٹیبل میں سرِ فہرست پانچ ٹیمیں ہیرتھا برلن، اٹھارہ سو ننانوے ہوفن ہائیم، ہیمبرگ ایس وی، بائرن میونخ اور بائر لیور کوزَن ہیں اور یہ بات اُن کے لئے باعثِ حیرت ہے کیونکہ پانچوں میں سے کوئی بھی ٹیم جرمن قومی چیمپئن بن سکتی ہے۔

DFL کے سربراہ زائیفرٹ نے کہا کہ جرمنی کے برعکس اسپین اور اٹلی جیسے ممالک میں ابھی سے کافی حد تک یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ کونسی ٹیم چیمپئن بن سکتی ہے اور اِسی لئے وہاں کھیل میں شائقین کی دلچسپی بھی کم ہو گئی ہے۔ جرمن فٹ بال لیگ کے سربراہ کے مطابق گذشتہ وِیک اَینڈ پر سپین میں پانچ میچ ایسے تھے، جنہیں اسٹیڈیم میں جا کر دیکھنے والے شائقین کی تعداد تیس ہزار سے کم رہی جبکہ اٹلی میں تو ایسے میچوں کی تعداد اِس سے بھی زیادہ یعنی آٹھ رہی۔

جرمن اخبار ’’دی ویلٹ‘‘ کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے زائیفرٹ نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ بین الاقوامی سطح پر دو اہم ترین مقابلوں ’’چیمپئنز لیگ‘‘ اور UEFA کپ میں شمولیت کے لئے یکساں ضوابط لاگو کئے جائیں تاکہ ہوفن ہائیم اور ہیرتھا کی طرح کی وہ جرمن ٹیمیں بھی اِن مقابلوں میں شریک ہو سکیں، جن کی شرکت کے امکانات موجودہ ضوابط کے ہوتے ہوئے بہت ہی کم ہیں۔