1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن فٹ بال کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل

عاطف بلوچ30 اگست 2015

بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے کلب وولفسبرگ کے کھلاڑی کیون ڈی برائن کو انگلش کلب مانچسٹر سٹی نے خرید لیا ہے۔ اس ڈیل کو بنڈس لیگا کی تاریخ میں سب سے بڑا معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GOE3
جرمن کلب وولفسبرگ نے ڈی برائن کی منتقلی کی خبر کی تصدیق کر دی ہےتصویر: Getty Images/Bongarts/M. Rose

بیلجیم کے کیون ڈی برائن نے جرمن کلب وولفسبرگ کو خیرباد کہہ کر تقریبا 75 ملین یورو مالیت کی ایک ڈیل کے تحت مانچسٹر سٹی کو جوائن کر لیا ہے۔ انہیں حال ہی میں جرمن لیگ کا بہترین فٹ بالر قرار دیا گیا تھا۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈی برائن نے انگلش پریمئر لیگ کے معروف کلب مانچسٹر سٹی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس چھ سالہ ڈیل کے تحت وہ اپنے نئے کلب کے لیے فوری طور پر دستیاب ہوں گے۔

جرمن کلب وولفسبرگ نے ڈی برائن کی منتقلی کی خبر کی تصدیق کر دی ہے لیکن یہ نہیں بتایا کہ یہ معاہدہ کتنی رقم کے عوض طے پایا ہے۔ تاہم جرمن میڈیا نے ذرائع سے حاصل کردہ معلومات کے حوالے سے بتایا ہے کہ انگلش کلب اور بیلجیئن کھلاڑی کے مابین ڈیل کی مالیت کم ازکم 75 ملین یورو (پچاسی ملین ڈالر) تک کی ہو سکتی ہے۔ یوں بنڈس لیگا کی تاریخ میں یہ ایک سب سے بڑی ڈیل ہے۔ اس سے قبل جرمن کلب میں کھیلنے والا کوئی بھی کھلاڑی اتنے بڑے معاہدے کے ساتھ کسی دوسرے کلب میں نہیں گیا ہے۔

چوبیس سالہ یورپی فٹ بالر ڈی برائن اپنے نئے کلب مانچسٹر سٹی میں 17 نمبر کی جرسی پہنیں گے۔ مانچسٹر سٹی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان مین ڈی برائن نے کہا ہے، ’’میں بطور کھلاڑی کامیابی کی بلندیوں کو چھونا چاہتا ہوں۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ سیزن کے اختتام پر ہمارا کلب خوش ہو اور ہم کچھ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے قابل ہو جائیں۔‘‘

Deutschland Fußballspieler Kevin de Bruyne
چوبیس سالہ یورپی فٹ بالر ڈی برائن اپنے نئے کلب مانچسٹر یونائٹڈ میں 17 نمبر کی جرسی پہنیں گےتصویر: Getty Images/D. Rogers

انگلش کلب کے منیجر مانوئل پیلے گرینی نے ڈی برائن کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’میں بہت خوش ہوں کہ ڈی برائن ہماری ٹیم کا حصہ بن گیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ پریمئر لیگ میں واپسی پر ہمارے کلب کے لیے وہ ایک بڑی کامیابی ثابت ہو گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی برائن نفسیاتی، جسمانی، حکمت عملی اور تیکنیکی حوالاجات سے ایک فٹ کھلاڑی ہیں اور وہ مانچسٹر سٹی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وولفسبرگ کے اسپورٹس ڈائریکٹر کلاؤس آلفوس کے مطابق وہ چاہتے تھے کہ ڈی برائن انہی کے کلب کا حصہ رہیں، ’’ہم چاہتے تھے کہ ڈی برائن کے ساتھ ہمارا ساتھ طویل ہو۔ تاہم ڈی برائن کی خواہشات کو مد منظر رکھتے ہوئے ہم اس کھلاڑی کو ریلیز کرنے پر تیار ہوں گئے ہیں۔‘‘ وولفسبرگ نے ڈی برائن کو ریلیز کرتے ہوئے جرمن کلب میونخ کی نمائندگی کرنے والے دانتے کو اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق برازیلی فٹ بالر دانتے کے اس نئے معاہدے کی مالیت 4.5 ملین یورو بنتی ہے۔