1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن عوام میرکل کی قدر کریں، باراک اوباما

عاطف بلوچ، روئٹرز
17 نومبر 2016

امریکی صدر باراک اوباما نے جمعرات کے روز جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات سے قبل اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ جرمن عوام چانسلر میرکل کی ’عظیم ساکھ‘ کے معترف رہیں اور قدر کریں۔

https://p.dw.com/p/2SrB9
Deutschland | US-Präsident Obama wird von Bundeskanzlerin Merkel in Empfang genommen
تصویر: Reuters/F. Bensch

جمعرات کے روز اپنے دورِ صدارت کے آخری دورہ یورپ کے دوران برلن میں ایک انٹرویو میں اوباما نے کہا کہ دنیا میں جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے عدم مساوات کو کم کرنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر ایسے اقدامات کی ضرورت ہے، جن کے تحت معاشی تفریق میں کمی واقع ہو، کیوں کہ اسی طرح سے دنیا کا جمہوری ڈھانچہ قائم رہ سکتا ہے۔

صدر اوباما جنوری میں اپنی موجودہ مدتِ صدارت مکمل کر رہے ہیں۔ تاہم حالیہ انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی غیرمتوقع فتح کے تناظر میں دنیا بھر میں متعدد امور پر امریکی موقف کے مستقبل پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

Deutschland | US-Präsident Obama wird von Bundeskanzlerin Merkel in Empfang genommen
اوباما نے برلن میں میرکل سے ملاقات کیتصویر: Reuters/F. Bensch

صدر اوباما نے گزشتہ روز ایک عشائیے پر بھی چانسلر میرکل کے ساتھ قریب تین گھنٹے طویل غیررسمی بات چیت کی تھی، تاہم جمعرات کو دونوں رہنماؤں کے درمیان رسمی بات چیت جاری ہے، جس میں شامی اور یوکرائنی تنازعے کے ساتھ ساتھ دیگر اہم عالمی امور پر بھی گفت گو ہو رہی ہے۔ اس ملاقات سے قبل جرمن نشریاتی ادارے اے آر ڈی اور جریدے ڈیئر اشپیگل کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں صدر اوباما نے کہا کہ اگر عالمی اقتصادیات نے ان افراد کو نظرانداز کر دیا جو معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہیں، تو اس سے عدم مساوات مزید بڑھے گی۔

بدھ کو برلن پہنچنے والے امریکی صدر اوباما جمعے کے روز تک جرمنی ہی میں قیام کریں گے۔ اس دوران وہ برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے، فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ، ہسپانوی وزیر اعظم ماریانو راخوئے اور اطالوی وزیر اعظم ماتیو رینزی سے بھی ملیں گے۔ اس دورے کے دوران توقع ہے کہ وہ یورپی رہنماؤں کو یہ یقین دلانے کی کوشش کریں گے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح کے باوجود امریکا یورپ کے ساتھ قریبی تعلق قائم رکھے گا۔