1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن صدر وولف کا کرسمس پیغام

24 دسمبر 2010

ہم مستقبل میں بھی پوری ’دنیا، خاص طور سے یورپ میں اپنی تمام تر ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے تیار ہیں اور ہم اپنے پارٹنر ممالک سے بھی امید کرتے ہیں کہ وہ اپنا ہوم ورک بھی پوری توجہ سے کریں‘۔

https://p.dw.com/p/zpJa
جرمن صدر کرسمس کا پیغام دیتے ہوئےتصویر: Bundesregierung/Steffen Kugler/dapd

عزیز ہموطنو!

کرسمس کے تہوار کے ان دنوں میں ہم اُن لوگوں کے لئے وقت نکالتے ہیں جو ہمارے لئے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ ہم اس موقع پر مہمانوں کی آمد، اپنے عزیز و اقارب کے تحریری پیغامات اور ٹیلی فون پر ہمیں یاد کرنے والوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ یہ سب کچھ ہمارے لئے خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ یہ تہوار ہمیں احساس دلاتا ہے کہ ہم سب ایک ہیں۔

یکجہتی، مفاہمت اور ایک دوسرے کے ساتھ ملک جُل کر رہنا۔ یہ سب کچھ خود بخود ممکن نہیں ہوتا۔ اس کی ضرورت ہمیں اپنے خاندان کے لئے، اپنی نجی زندگی میں اور اپنے معاشرے کے لئے بھی پڑتی ہے۔ اس کے لئے ہم سب کو کچھ نہ کچھ کرنا چاہئے۔ ہمارا معاشرہ اُن لوگوں سے زندہ و تابندہ ہے جو اس کے لئے اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔ ایسے ہی چند افراد کو میں نے یہاں برلن کے قصر صدارت میں مدعو کر رکھا ہے، جو مختلف پیش قدمیوں کے ذریعے یا ان کے لئے سرگرم ہیں۔ ریاست ضرورت مند باشندوں کی مالی مدد تو کر سکتی ہے تاہم انسانوں کی حوصلہ افزائی کرنے، ان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانے اور ان کا ساتھ دینے کے لئے انسان ہی در کار ہوتے ہیں۔ یہی انسانیت کا سب سے بڑا اور اہم تقاضہ بھی ہے۔

ایسے باشندے جو دوسرے شہریوں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور نت نئے تصورات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے عوامی شعبے میں اپنی خدمات پیش کرتے ہیں، دراصل ہمارے اور اپنے ملک کے ساتھ مخلص ہیں اور خود کو ہماری جمہوری روایات کا پاسدار سمجھتے ہیں۔ جو بھی یہ طرز عمل رکھتا ہے، اُسے جواب میں بہت کچھ ملتا بھی ہے۔ ایسے لوگ معاشرے میں نہایت معزز مقام رکھتے ہیں۔ ہمارا معاشرہ آزاد اور کثیرالنوع ہے۔ ہم ایک نہیں بہت سی دنیاؤں میں رہتے ہیں۔ ہم اپنے مذہب، قومیت، تعلیم اور مستقبل کے بارے میں تصورات کے اعتبار سے ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ ایک ایسے کثیرالثقافتی معاشرے کی تشکیل کے لئے ہمیں سب سے زیادہ باہمی عزت و احترام کی ضرورت ہے۔ ہر شخص دوسرے کو بحیثیت انسان عزت دے اور معاشرتی ہم آہنگی اور ترقی کے لئے ایک دوسرے کی خدمات کو تسلیم کرے۔

Christian Wulff Flash-Galerie
جرمن صدر اپنی موجودہ اہلیہ کے ہمراہ: فائل فوٹوتصویر: AP

ہمارے معاشرے کو دنیا کے چھوٹے بڑے ہر طرح کے ممالک میں بحیثیت ایک آزاد، روادار اور قابل بھروسہ معاشرے کے، بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ اس کا احساس ہمیں ہمارے ملک کے دورے کرنے والے غیر ملکی مہمانوں اور خود اپنے غیر ملکی دوروں کے دوران ہوتا ہے۔ ہم مستقبل میں بھی پوری دنیا، خاص طور سے یورپ میں اپنی تمام تر ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لئے تیار ہیں اور ہم اپنے پارٹنر ممالک سے بھی امید کرتے ہیں کہ وہ اپنا ہوم ورک بھی پوری توجہ سے کریں۔

ہمیں یورپی اتحاد اور یورپ کی قوت پر پورا بھروسہ ہے۔ ہمارے بہت سے مرد اور خواتین فوجی، پولیس اہلکار اور شہری تعمیر نو کا فریضہ انجام دینے والے کارکنان غیر ملکوں میں تعینات ہیں اور مختلف معاشروں کی تعمیر نو اور دنیا بھر میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہم کرسمس کے موقع پر دل کی گہرائیوں سے اور جذباتی طور پر اُن سب کے اور ان کے گھر والوں کے ساتھ ہیں۔ ہمیں اس امر کا پورا اندازہ ہے کہ اُن کی کمی اُن کے گھر والوں کو اس وقت کس قدر محسوس ہو رہی ہوگی۔

کرسمس کا پیغام امن اور امید ہے، جس کی ندا دو ہزار سال پہلے بیت اللحم میں سنائی دی تھی۔

خطاب: جرمن صدر کرسٹیان وولف

ترجمہ: کشور مصطفیٰ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں