1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن شہر ہنوور میں بین الاقوامی صنعتی میلے کا آغاز

Henrik Böhme / شہاب احمد صدیقی20 اپریل 2009

جرمنی کے صوبے لوئرسيکسنی کے دارالحکومت ہنوور ميں پیر کے روز سے دنيا کا سب سے بڑا صنعتی ميلہ شروع ہوا ہے۔میلے میں دنیا کے 61 مختلف ممالک کے 6100 نمائش کنندگان شریک ہیں۔

https://p.dw.com/p/Hau0
ہنوور میں جاری تجاری میلے میں جدید ترین صنعتی مشینوں کی نمائش کی جاری ہےتصویر: Deutsche Messe AG

جرمن صنعت، خاص طورسے مشين سازی کی صنعت کوگذشتہ کئی مہينوں سے مشکلات کا سامنا ہے۔ مشين سازی کوجرمن صنعت کی ريڑھ کی ہڈی کا درجہ حاصل ہے۔ کوئی ايک سال قبل حالت يہ تھی کہ نئے خريداری کے سودوں کی بھرمار تھی، ليکن اب يہ حال ہے کہ مشکل ہی سے کوئی نيا آرڈر مل رہا ہے۔ ماضی ميں ’’ميڈ ان جرمنی‘‘ مشينوں کا آرڈر دينے والوں کوانتظار کرنا پڑتا تھا۔ اب حالات ڈرامائی طورپرتبديل ہوچکے ہيں۔

اس لئے اس ہفتے سب کی نگاہيں خاص طور سے ہنوور پرلگی ہوئی ہيں اوراس صنعتی نمائش سے مثبت تحريک ملنے کی اميد کی جارہی ہے۔ جرمن چانسلرانگيلا ميرکل نے نمائش کے دو گھنٹے کے دورے کے بعد کہا: ’’ہم صرف اس بحران سے ہی نکلنا نہيں چاہتے بلکہ صنعتی تجارتی ادارے اس کے بعد اور مضبوط ہونا چاہتے ہيں۔ مجھے يہاں اسی فضاء کا احساس ہورہا ہے۔ درميانے درجے کی فرمزاورچھوٹی فرمز بھی دشواراقتصادی حالات ميں اپنی جدت طرازی کی صلاحيت کا مظاہرہ کررہی ہيں۔‘‘

Messe Hannover
اس نمائش میں دنیا کے 61 ممالک کے نمائش کنندگان شریک ہیںتصویر: Deutsche Messe AG

ہنوور کے صنعتی ميلے کے منتظمين کا کہنا ہے کہ يہاں چار ہزار نئی چيزوں کی نمائش ہورہی ہے۔ يہاں جدت طرازی کے زبردست امکانات ہيں، ليکن بہت سے خريدارفی الحال خريداری سے گريز کررہے ہيں کيونکہ بينک اس کے لئے قرضے دينے ميں بہت پس و پيش سے کام لے رہے ہيں۔ جب قرضے دوبارہ ملنے لگيں گے تب ہی حالات بہتر ہونے کی اميد ہے۔ ايسا کب ہوگا، اس بارے ميں ايک فرم کے مالک اور جرمن مشين سازی کی ايسوسی ايشن کے سربراہ نے کہا: ’’ميرے خيال ميں اس وقت زمين تيار ہورہی ہے۔ ليکن ابھی ہمارے پاس کسی قسم کے اعادوشمار نہيں ہيں۔ ايک دو ماہ ميں ہميں يہ مل جائيں گے۔ ميرے خيال ميں ہم موسم گرما کے شروع ميں پست ترين نقطے پر پہنچ جائيں گے۔ سال کے آخر ميں ہم پھر سے ترقی کرسکيں گے۔‘‘

ہنوور کے صنعتی ميلے ميں جو دو اہم ترين موضوعات ہيں وہ ہيں، ايسی مشينيں جن کی کارکردگی بہتر ہواورجن ميں کم توانائی استعمال ہوتی ہو۔ دوسرے متبادل طرز کے انجن ہيں۔ اس شعبے ميں جرمن فرمزدنيا ميں ممتاز ہیں اوروہ اسی کے ذريعہ موجودہ بحران سے نکلنا چاہتی ہيں۔