1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن دستوں کی حوصلہ افزائی کے لیے سوگٹن برگ کا دورہ افغانستان

13 دسمبر 2010

جرمن وزیردفاع کارل تھیوڈور سوگٹن برگ اپنی اہلیہ کے ہمراہ اچانک دورے پر آج پیر کے روز افغانستان پہنچ گئے۔ کرسمس سے قبل ان کے اس دورے کا بڑا مقصد افغانستان میں تعینات جرمن فوجی دستوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

https://p.dw.com/p/QXBa
تصویر: picture-alliance/dpa

افغانستان کے شمالی صوبہ قندوز کے علاقے مزارشریف میں موجود جرمن کیمپ کے دورے کے موقع پر دو جرمن صوبوں لوئر سیکسنی اور سیکسنی انہالٹ کے سربراہان حکومت بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ اس موقع پر گٹن برگ نے کرسمس سے قبل جرمن فوجیوں کے درمیان اپنی موجودگی کو نہایت اہم قرار دیا، "میرے ساتھ جرمن صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی ہیں اور جرمن پارلیمان کے اراکین بھی، جس سے یہ بات اور بھی واضح ہوجاتی ہے کہ ہم نہ صرف ہر طرح سے جرمن فوجیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں بلکہ اس ملک میں ان کے مشن کو بہت زیادہ اہمیت بھی دیتے ہیں۔"

افغانستان میں گزشہ چند ماہ کے دوران طالبان عسکریت پسندوں کی طرف سے غیر ملکی فوجیوں پر حملوں کی تعداد میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا ہے۔ اس حوالے سے جرمن وزیردفاع کا کہنا تھا، "قندوز میں سلامتی کی صورتحال گزشتہ کچھ برسوں کی نسبت زیادہ خراب اور پیچیدہ ہو چکی ہے۔"

Afghanistan Besuch der Guttenbergs Dezember 2010 Flash-Galerie
جرمن وزیردفاع کی اہلیہ سٹیفنی سو گٹن برگ بھی اس دورے میں ان کے ہمراہ ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

سوگٹن برگ کے مطابق گزشتہ برس انہی دنوں کی نسبت رواں برس افغانستان میں جنگ کی صورتحال سخت اور طویل ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران اس صورتحال میں بہتری نمایاں ہے۔ گٹن برگ کے مطابق ایک طرف تو انہیں نئی حکمت عملی کی کامیابی واضح طور پر نظر آ رہی ہے تاہم دوسری طرف یہ بھی ہے کہ افغانستان میں جرمن مشن بدستور شدید جھڑپوں سے جُڑا ہوا ہے۔

جرمن وزیردفاع نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ افغانستان میں تعینات جرمن فوجیوں کی واپسی سال 2012ء کے آغاز سے شروع ہو جائے گی۔ تاہم انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یہ مقصد محض اسی صورت میں حاصل ہو سکتا ہے، جب اس کے لیے مناسب طور پر منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں جرمن دستوں کی تعیناتی کے دورانیے میں اضافے کے حوالے سے زمینی حقائق کی ایک واضح تصویر سامنے لانا انتہائی ضروری ہے۔

جرمن وزیردفاع کارل تھیوڈور سوگٹن برگ کے وفد میں جرمن ٹی وی چینل SAT-1 کے ایک انتہائی معروف ٹاک شو اینکر یوہانس بی کیرنر بھی شامل ہیں۔ ان کے دورے کا مقصد وزیردفاع اور جرمن فوجیوں کے ہمراہ اپنے ٹاک شو کی ریکارڈنگ کرنا ہے، تاکہ جرمن فوجیوں کے احساسات اور جذبات کو جرمن عوام تک پہنچایا جا سکے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں