1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن بنڈس لیگا میں وولفسبُرگ کو شکست

افسراعوان10 مئی 2009

جرمنی کی قومی فٹبال چیمپیئن شپ، بنڈس لیگا میں ہفتے کے روز چھ میچ کھیلے گئے۔

https://p.dw.com/p/Hn0t
ماریوگومِز(دائیں) نے شٹٹ گارٹ کی جانب سے تمام چار کے چار گول کئےتصویر: picture-alliance/ dpa

ہفتے کے روزکھیلے جانے والے ایک اہم میچ میں پوائنٹس ٹیبل پر موجود سرفہرست ٹیم وولفسبُرگ، شٹٹ گارٹ کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست کھا گئی۔ نمبر ایک ٹیم کی اس شکست کے بعد ابھی چونکہ تین میچز کھیلے جانے باقی ہیں اس سیزن کے فاتح کی پوزیشن ابھی تک کھلی ہوئی ہے اور کوئی بھی ٹیم فتح کا تاج سر پر سجا سکتی ہے۔

Fußball Bundesliga: VfB Stuttgart - VfL Wolfsburg
شٹٹ گارٹ کے ہاتھوں وولفسبُرگ کی شکست کے بعد لیگ کی فاتح ٹیم کی جگہ ابھی تک کھلی ہےتصویر: picture-alliance/ dpa

وولفسبُرگ اور شٹٹ گارٹ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کی سب سے خاص بات یہ رہی کہ شٹٹ گارٹ کی جانب سے کئے جانے والے تمام چاروں گول ماریو گومِز نے کئے۔ ہفتے کے روز کل چھ میچ کھیلے گئے، انہی میں سے ایک میں بائرن میونخ کی ٹیم نے انرگی کوٹ بس کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی جبکہ ہیرتھا برلن نے بوخم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ اور یوں بائرن میونخ اور ہیرتھا برلن نے تین تین پوائنٹس حاصل کئے۔ دیگر میچوں میں آٹھویں نمبر پر موجود ہوفن ہائیم نے کولون کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی جبکہ ڈورٹمُنڈ نے کارلس روہےکے خلاف چار صفر سے کامیابی حاصل کی۔

ہفتے کے روز کھیلے جانے والے چھ میچوں کے بعد بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل کی پہلی پانچ پوزیشنز کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔ وولفسُبرگ کی ٹیم 60 پوائنٹس کے ساتھ بدستور نمر ایک پر ، جبکہ ایف سی بائرن کے بھی 60 ہی پوائنٹس ہیں لیکن وہ نمبر دو پر ہے۔ ہیرتھا برلن 59 پوائنٹس کے ساتھ نمبر تین، شٹٹ گارٹ 58 پوائنٹس کے ساتھ نمبر چار جبکہ ڈورٹمنڈ 55 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

آج اتوار کے روز جرمن بنڈس لیگا میں دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ میونخ گلاڈباخ اور شالکے کے درمیان جبکہ دوسرا ویرڈر اور ایچ ایس وی کے درمیان کھیلا جائے گا۔