1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی کے زخمی بالاک فٹبال ورلڈ کپ سے باہر

17 مئی 2010

جرمن فٹ بال ٹیم کے کپتان میشاعیل بالاک اگلے ماہ جنوبی افریقہ میں ہونے والے عالمی کپ مقابلوں میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔ وہ ہفتے کے روز ایک میچ کے دوران ٹخنے میں چوٹ لگنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے۔

https://p.dw.com/p/NPzR
تصویر: picture alliance/dpa

انگلش فٹ بال کلب چیلسی کے مڈ فیلڈر اور جرمن قومی ٹیم کے کپتان کی فٹ بال ورلڈ کپ میں عدم شرکت کی تصدیق جرمن فٹ بال فیڈریشن نے پیر کے روز کر دی۔ میونخ میں جرمن فٹ بال فیڈریشن کے ڈاکٹر ہانس ولہیلم نے ان کے ٹخنے کا سکین کرنے کے بعد انہیں آٹھ ہفتوں تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔ فیڈریشن کے مطابق 33 سالہ بالاک اس عرصے میں کسی ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ نہیں لے پائیں گے۔

Fussball FC Chelsea Michael Ballack
میشاعیل بالاک چیلسی کلب کے لئے بھی کھیلتے ہیںتصویر: picture-alliance/ dpa

جرمنی کی طرف سے اس سے قبل تین مرتبہ عالمی کپ مقابلوں میں شرکت کرنے والے بالاک کی اس ورلڈ کپ میں شرکت کو غالبا ان کے کریئر کا آخری ورلڈ کپ قرار دیا جا رہا تھا۔ ہفتے کے روز ان کے ٹخنے کی ہڈی پر ضرب پڑنے کے بعد خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر چار ہفتوں تک ایک خصوصی پلاسٹر کے ساتھ ٹریننگ میں حصہ لیں گے اور اس کے بعد دوہفتوں تک وہ خصوصی طور پر بنائے گئے جوتے پہن کر عالمی کپ میں شرکت کر سکیں گے۔ تاہم ان کے ٹخنے کے مکمل چیک اپ کے بعد ڈاکٹروں نے اب اس امکان کو رد کر دیا ہے۔

بالاک کے آئندہ عالمی کپ مقابلوں میں شریک نہ ہونے کی خبر جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے لئے ایک دھچکے سے کم نہیں ہے۔ ابھی سات مئی کو ہی جرمن کوچ Joachim Loew نے بالاک کو ورلڈ کپ کے لئے جرمن سکواڈ کا اہم رکن قرار دیا تھا۔

ہفتے کے روز بالاک کے زخمی ہونے کے بعد اپنے ایک بیان میں جرمن کوچ نے کہا کہ اگر بالاک ورلڈ کپ مقابلوں میں جرمن ٹیم میں شامل نہ ہو سکے تو قومی ٹیم کو شدید نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ بالاک کے ٹخنے کا سکین ہفتے کے روز ہی ہونا تھا، تاہم ٹخنے پر شدید سوجن کے باعث اسے پیر تک کے لئے موقوف کر دیا گیا تھا۔

رپورٹ: عاطف توقیر

ادارت: مقبول ملک