جرمنی کی دس پسندیدہ ترین بیکری مصنوعات
چاہے بریڈ رولز ہوں یا کیک، دنیا بھر میں ان کی سب سے زیادہ اقسام جرمنی میں پائی جاتی ہیں۔ جانیے جرمنی کی دس پسندیدہ ترین بیکری مصنوعات کے بارے میں!
بریڈ رول (بروئٹشن)
جرمنی میں بریڈ رولز کی درجنوں اقسام ہیں۔ پہلے زیادہ تر گندم کے آٹے سے بنے یہ بریڈ رولز تلوں یا پھر خشخاش کی مدد سے تیار کیے جاتے تھے، اب یہ سبزیوں اور پھلوں کے طرح طرح کے بیجوں سے بھی بنائے جاتے ہیں۔
پریٹزل
نمکین پریٹزل عموماﹰ بیئر پیتے ہوئے کھایا جاتا ہے۔ پہلے یہ جرمن صوبے باویریا میں مشہور تھا لیکن اب یہ جرمنی بھر میں انتہائی مقبول ہے۔ جرمن زبان میں اسے ’بریٹسل‘ کہتے ہیں۔
ہول مِیل بریڈ (فُل کورن بروٹ)
کہتے ہیں کہ جرمنوں کے معدے صحت مند ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ غذائیت سے بھرپور براؤن یا ہول مِیل بریڈ مختلف پھلوں اور سبزیوں کے بیجوں کے ساتھ بنائی جاتی ہے۔ یہ ڈبل روٹی جرمنوں کی پسندیدہ ترین بریڈ ہے۔
مِلک بریڈ رول (مِلش بروئٹشن)
نہ صرف بڑے بلکہ ناشتے میں بچے بھی دودھ سے تیار کردہ مِلک بریڈ رول کھانا بہت پسند کرتے ہیں۔ یہ بریڈ رول بنانے کے لیے میدے کو دودھ کے ساتھ گوندھنے کے علاوہ اس میں چاکلیٹ کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے اور کشمش بھی ڈالے جاتے ہیں۔
پنیر کیک (کیزے کُوخن)
جرمنی اپنی بیکریوں میں تیار کردہ کیکس کی مختلف اقسام کی وجہ سے بھی مشہور ہے۔ پنیر یا چیز کیک کی تیاری میں سب سے اہم دہی کی وہ خاص قسم ہوتی ہے، جو ہلکی ترش ہوتی ہے۔
خشخاش کیک (مون کُوخن)
جرمن باشندے خشخاش بہت پسند کرتے ہیں۔ اسے نہ صرف بریڈ رولز پر لگایا جاتا ہے بلکہ مختلف قسم کے کیک بناتے ہوئے ان پر خشخاش سے سجاوٹ بھی کی جاتی ہے۔ اس کیک میں خشخاش نہ صرف کیک کے اوپر لگائی جاتی ہے بلکہ کیک کے اندر وہ تہوں کی صورت میں بھی موجود ہوتی ہے۔
بی سٹِنگ کیک (بینن سٹِش کُوخن)
ویسے تو کوئی بھی یہ نہیں چاہتا کہ اسے شہد کی کوئی مکھی کاٹے لیکن یہ کیک اسی نام سے مشہور ہے۔ یہ کیک کریم اور کسٹرڈ کے ساتھ بنایا جاتا ہے اور چھوٹے یا بڑے، ہر کوئی یہ کیک شوق سے کھاتا ہے، جس پر شہد کے ساتھ چھلے ہوئے باداموں کے ٹکڑے لگے ہوتے ہیں۔
برلِینر بند
روایت کے مطابق برلِینر بند سب سے پہلے اٹھارویں صدی میں برلن کے ایک نانبائی نے بنایا تھا۔ پہلے پہل یہ صرف مخصوص تہواروں پر ہی کھایا جاتا تھا۔ یہ بہت نرم بند جام سے بھرا ہوتا ہے، جس پر سفوف چینی لگی ہوتی ہے۔
کسٹرڈ پیسٹری (پُڈِنگ ٹائلشن)
اس پیسٹری کو درمیان سے مکمل طور پر کسٹرڈ سے بھر دیا جاتا ہے۔ اس کی تیاری میں گندم، میدہ، چینی اور انڈے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ بیئر اور کافی کے ساتھ اس کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔
کرمب کیک (شٹروئزل کُوخن)
گزشتہ تقریباﹰ دو صدیوں سے یہ کیک جرمنوں کا مرغوب ترین کیک ہے۔ اس میں کسی قسم کا جام استعمال نہیں کیا جاتا لیکن اس کے باوجود یہ بہت لذیذ ہوتا ہے۔