1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں حکومتی اتحاد میں اختلافات

احمد ولی اچکزئی23 مارچ 2009

جرمنی میں وفاقی مخلوط حکومت کی دونوں پارٹیوں کے درمیان اختلافات بتدریج بڑہ رہے ہیں، جس کے تناظر میں جرمنی کی چانسلرانگیلا میرکل پر تنقید کی جارہی ہے۔

https://p.dw.com/p/HIBE
انگیلا میرکل، فرانس میونٹر فیرنگ کے ہمراہتصویر: AP

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو دو موضوعات کی بنا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایک طرف سے تو مخلوط حکومت کی دونوں سیاسی پارٹیاں اختلاف رکھتی ہیں، کہ مالی بحران کی شکار جرمن موٹرسازکمپنی اوپل کی حکومت کی جانب سے مالی مدد کی جائے یا نہیں۔

اس کے علاوہ جرمنی میں حکومتی ادارہ برائے روزگار کی جاب سینٹر نامی ایک برانچ کی کمزور کارکردگی کی وجہ سے بھی دونوں پارٹیوں میں اختلاف پایا جارہاہے۔ جب گیارہ نومبر 2005 کو جرمنی کی دو بڑی پارٹیوں کرسچین ڈیموکریٹ یونین او سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے شرائط او لائحہ عمل کے کاغذ پر دستخط کرنے کے بعد ایک مخلوط حکومت بنانے کا اعلان کیاتھا، تو امید ظاہر کی جارہی تھی کہ یہ مخلوط حکومت بہت مضبوط رہے گی لیکن اب ایسا لگ رہا ہے کہ اقتدار میں شریک دونوں پارٹیوں کے درمیان اختلافات مسلسل بڑھتے جارہے ہیں۔

سوشل ڈیموکریٹ پارٹی کے سربراہ فرانس میونٹر فیرنگ نے اتوار کے روز ایک جرمن ٹیلیویژن سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انگیلا میرکل کی قائدانہ کارکردگی سے بالکل خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’ان کی قیادت کمزور ہے۔ ہمارے درمیان جن موضوعات پر اتفاق تھا، اُن کو عملی جامہ پہنانے کے بارے میں چانسلر میرکل خاموش ہیں اور انھوں نے اپنی جماعت کے بعض گروپوں کو اجازت دے رکھی ہے کہ وہ صوبوں میں وہ تمام فیصلے بدل سکیں جو ہمارے حکومتی اتحاد اور جرمنی کے بے روزگار انسانوں کے لئے بہت اہم ہیں۔‘‘

حزب اختلاف کے سیاستدانوں نے حکومت میں شریک دونوں پارٹیوں کے درمیان اختلافات کے پیش نظر مطالبہ کیا ہے کہ اعلان کردہ تاریخ سے پہلے ہی جرمنی میں انتخابات کرائے جائیں۔ اتوار کے روز جرمنی کے ایک ٹیلیویژن سے بات کرتے ہوئے انگیلامیرکل نے وقت سے پہلے انتخابات کی تجویز کورد کرتے ہوئے کہا: ’’اگرچہ میں بھی اب مخلوط حکومت کے حق میں نہیں ہوں لیکن ہمیں نئے انتخابات تک یہ حکومت برقرار رکھنی چائیے۔ اتنخابات کے بعد ہم کوشش کریں گے کہ فری ڈیموکریٹک پارٹی کیساتھ اتحاد بنائیں۔‘‘

انگیلا میرکل کی پارٹی کرسچین ڈیموکريٹک یونین چاہتی ہے کہ موٹرسازکمپنی اوپل کے ساتھ اس وقت مدد کی جائے جب اس کا مرکزی ادارہ جنرل موٹرز جو کہ امریکہ میں ہے ایک قابل منظور پلان پیش کرے۔ اس کے برعکس سوشل ڈیموکریٹ پارٹی چاہتی ہے کہ اوپل کمپنی کی جلد ازجلد مددکی جائے۔