1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں انٹرنیٹ کے ذریعے جیون ساتھی ڈھونڈنے کا رجحان

4 جولائی 2010

کہتے ہیں کہ تنہائی اداسی کی جڑ ہے۔ تنہائی کا عذاب جھیلنے والے دلوں کے لئے انٹرنیٹ ایک خوشخبری سے کم نہیں۔ اب وہ اپنے دکھوں کا علاج کسی ڈسکو یا پارک میں تلاش کرنے کے بجائے، انٹرنیٹ پر ایک کلک کے ذریعے کر سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/OA78
تصویر: picture-alliance / chromorange

جرمنی میں انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے جیون ساتھی کی تلاش کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جی ہاں 90 لاکھ بے چین جرمن دلوں نے اپنے جیون ساتھیوں کو انٹرنیٹ پر تلاش کیا۔ دو دلوں کو ملانے والی ایک Dating website نے اس ملاپ کو حقیقت کا روپ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ایسی ہی ایک ویب سائٹ ہے eDarling.de جو تنہائی کا عذاب جھیلنے والے بے شمار مردوں اور خواتین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ اس ویب سائٹ سے وابستہ ڈیوڈ خلیل کا کہنا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو 200 سوالات پر مبنی ایک فارم دیتے ہیں۔ ’’جو لوگ کم سوالات کے جوابات دیتے ہیں، ان کی کامیابی کے امکانات بھی بہت کم ہوتے ہیں۔‘‘

ڈیوڈ خلیل مزید کہتےہیں کہ کامیابی کے امکانات اُس وقت روشن ہوتے ہیں ، جب زیادہ سے زیادہ جوابات صاف اور کھرے انداز میں دئے گئے ہوں۔ نفسیات میں ماسٹر ڈگری رکھنے والی Lisa Fischbach کا کہنا ہے کہ اگرآپ اچھا ساتھی چاہتے ہیں، تو جھوٹ اور مبالغہ آرائی سے اجتناب کریں۔ مثلا عمر، وزن اور قد کے حوالے سے جھوٹ پہلی ہی ملاقات میں پکڑا جا تا ہے۔

Love Story, Szenebild
انٹرنیٹ کے ذریعے جیون ساتھی کی تلاش کا رجحان بڑھ رہا ہےتصویر: dpa

لیزا کا مزید کہنا ہے کہ تنہائی اور بیگانگی کی دنیا سے جان چھڑانے کی خواہش رکھنے والے افراد کو انٹرنیٹ پر جیون ساتھی کی تلاش کے لئے اپنی شخصیت کے مناسب اظہار کا خیال ضرور رکھنا چاہیے۔ آپ کا پہلا تعارف آپ کی تصویر ہوتی ہے۔ لہٰذا یہ تصویر جتنی دلکش ہو گی، اتنا ہی آپ کو فائدہ دے گی۔

لیزا نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ پر مصنوعی نام کا انتخاب کرتے وقت بھی لوگوں کو اپنی تخلیقی صلاحتیں بروئے کار لانی چاہیئں۔ اپنے نام کے ساتھ صرف ہندسوں کا اضافہ کر دینا کبھی بھی پرکشش نہیں ہوتا۔ لیزا کا خیال ہے کہ چاہے آپ کو دل لگی کرنی ہو یا جیون بھر ساتھ نبھانے کی سنجیدہ کوشش، ان اہم باتوں کو پیشِ نظر رکھنا بہت ضروری ہے۔

انٹرنیٹ دوڑتی بھاگتی دنیا کا نام ہے۔ یہاں سستی اورکاہلی آپ کے کام نہیں آتی۔ لیزا کا خیال ہے کہ سائبر ٹریفک میں کامیابی صرف تیزی اور پھرتی سے آتی ہے۔ لہٰذا کسی بھی Dating ویب سائٹ پر اپنا پروفائل دینے کے بعد، آپ کو یہ انتظار نہیں کرنا چاہیئے کہ خوابوں کا کوئی شہزادہ آپ کی راہ میں بچھنے کے لئے تیار کھڑا ہوگا یا کوئی شہزادی لباسِ عروسی، نشیلی آنکھوں، طلسمی ہونٹوں اور ہوش ربا زلفوں کے ساتھ آپ کی راہ تک رہی ہوگی۔

وہ مزید کہتی ہیں کہ ان افسانوی خیالوں سے نکل کر آپ کو حقیقت کی دنیا میں قدم رکھنا ہوگا اور سرگرمی سے سائبر ٹریفک کے ہجوم میں اپنے جیون ساتھی کو تلاش کرنے کے لئے آپ کو بھر پور تگ و دو کرنی ہوگی۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید