1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: مہاجرین کا مددگار مہاجر کے ہاتھوں قتل

شمشیر حیدر dpa/AFP
8 جون 2017

جرمن شہر زاربرُکن میں ستائیس سالہ شامی مہاجر نے خنجر سے وار کر کے جرمن ریڈ کراس کے ایک اہلکار کو قتل کر دیا۔ جرمن ریڈ کراس کا یہ اہلکار صدمہ زدہ مہاجرین کو نفسیاتی علاج مہیا کر رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/2eJAe
Deutschland 27-jähriger Syrer ersticht Berater
تصویر: picture-alliance/dpa/O. Dietze

پولیس کے مطابق بدھ سات جون کی صبح ستائیس سالہ شامی مہاجر جرمن ریڈ کراس کے ماہر نفسیات کے پاس ایک سیشن کے لیے آیا۔ جرمن شہر زاربرُکن میں صدمہ زدہ مہاجرین کو نفسیاتی علاج مہیا کرنے والے جرمن ریڈ کراس کے اس مرکز میں اس کی مدد کے لیے موجود ماہر نفسیات کے ساتھ مبینہ طور پر شامی مہاجر کی تلخ کلامی ہوئی جس پر اس نے تیس سالہ ماہر نفسیات پر خنجر سے حملہ کر دیا۔

بچے کو قتل کرنے والا افغان تارک وطن پولیس کی گولی سے ہلاک

جرمن ریڈ کراس کا اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جب کہ شامی مہاجر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ مقامی پولیس کے مطابق حملہ آور کو قریب ایک گھنٹہ بعد موقع واردات سے چند سو میٹر کے فاصلے پر گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتاری کے وقت شامی مہاجر بھی شدید زخمی تھا جس کے باعث اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر نوجوان شامی مہاجر نے خود ہی اپنے آپ کو زخمی کیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس قتل کے حقیقی محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاہم یہ واقعہ بظاہر دہشت گردی کی واردات نہیں ہے۔ پولیس نے جائے واردات سے خنجر بھی برآمد کر لیا ہے۔

مقامی جرمن میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں کے مطابق ریڈ کراس کا مقتول اہلکار خود بھی بطور مہاجر جرمنی آیا تھا۔ ہلاک ہونے والے اس تیس سالہ شخص کا تعلق عراق سے بتایا جاتا ہے جو جرمنی میں پناہ حاصل کرنے کے بعد نئے آنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کی مدد میں مصروف تھا۔

جرمن ریڈ کراس کے سربراہ روڈولف زائیٹرز کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد ادارے کے اہلکار ’صدمہ زدہ ہیں اور ہم اپنے ایک اچھے ساتھی کی موت پر سوگوار ہیں‘۔

مقتول اہلکار سن 2014 سے جرمن ریڈ کراس سے وابستہ تھا۔ خود بھی مہاجر کے طور پر جرمنی آنے والا یہ عراقی جنگوں اور تشدد کے باعث صدمہ زدہ مہاجرین کو جرمنی آنے کے بعد نئے معاشرے میں ایک نئی زندگی شروع کرنے میں مدد فراہم کرتا تھا۔

گزشتہ برس سویڈن میں بھی ایک ایسے ہی واقعے میں ایک افغان تارک وطن نے رضاکارانہ طور پر مہاجرین کی مدد کرنے والی ایک بائیس سالہ خاتون کو خنجر سے حملہ کر کے قتل کر دیا تھا۔

بلغاریہ: نو پاکستانی اور افغان تارکین وطن ہلاک