1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: تارکین وطن کی ’فیملی ری یونین‘ میں اضافہ

4 جنوری 2017

جرمنی میں مقیم غیر ملکیوں کی جانب سے بیرون ملک رہائش پذیر اپنے اہل خانہ کو جرمنی بلانے کے عمل میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ کچھ جرمن حلقوں کی جانب سے اس پیش رفت پر تحفظات کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2VHEW
Symbolbild Flüchtlinge Familiennachzug in Deutschland
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Heimken

جرمن اخبار ’دی وَیلٹ‘ کے مطابق 2016ء کی پہلی سہ ماہی میں’فیملی ری یونین‘ یا خاندانوں کو ملانے کے لیے ستر ہزار ویزے جاری کیے گئے۔ 2015ء کے دوران ایسے کُل پچاس ہزار جبکہ 2014ء میں صرف تیس ہزار ویزے جاری کیے گئے تھے۔ اس اخبار نے یہ رپورٹ جرمن وزارت خارجہ سے حاصل ہونے والی معلومات کی مدد سے مرتب کی۔

اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ وفاقی جرمن حکومت نے گزشتہ برس مارچ میں ایسے تارکین وطن کے اہل خانہ کی جرمنی آمد کے عمل کو بھی دو سال کے لیے معطل کر دیا تھا، جن کو جرمنی میں ثانوی درجے کے تحفظ کے حقدار تسلیم کیا جا چکا ہے۔ یہ ثانوی تحفظ دریں اثناء زیادہ تر خانہ جنگی کی وجہ سے ترک وطن کرنے والے شامی شہریوں کو دیا گیا ہے۔

Symbolbild Flüchtlinge Familiennachzug in Deutschland
تصویر: picture-alliance/dpa/P. Kneffel

جرمنی میں مقیم  تارکین وطن  کے بیرون ملک رہنے والے اہل خانہ کی نقل مکانی کے بعد مستقل رہائش کے لیے جرمنی آمد کے عمل میں اضافے پر حکومتی اتحاد میں شامل جماعت کرسچن سوشل یونین کچھ فکر مند دکھائی دیتی ہے۔ جرمن پارلیمان میں اس جماعت کے نائب پارلیمانی سربراہ یوہانس سنگہامر نے ’دی وَیلٹ‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’’جرمنی کو تیار رہنا چاہیے کہ جلد ہی سیاسی پناہ کے طریقہ کار کے بجائے زیادہ لوگ اسی طرح کے ویزے لے کر آئیں گے۔‘‘ اس موقع پر انہوں نے حکومت سے اس طریقہ کار کو زیادہ سخت بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کے بقول حکومت کو چاہیے کہ وہ متاثرہ ممالک میں محفوظ علاقے قائم کرے، ’’جن کی حفاظت مغربی ممالک اور اقوام متحدہ کے ذمے ہو اور ایسے مراکز میں یہ خاندان ایک ساتھ زندگی گزار سکیں۔‘‘