1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی اور یوکرائن کا فٹ بال میچ برابر

12 نومبر 2011

جرمنی اور یوکرائن کی فٹ بال ٹیموں کے درمیان کی ایف میں کھیلا گیا بین الاقوامی میچ تین تین گول سے برابر رہا۔ یوکرائن اگلے سال کی یورو چیمپئن شپ کا شریک میزبان بھی ہے۔

https://p.dw.com/p/139UQ
تصویر: picture alliance/dpa

یوکرائن کے دارالحکومت کی ایف میں کھیلے گئے اس میچ میں جرمن ٹیم کو میچ برابر کرنے کے لیے خاصی محنت کرنا پڑی۔ مبصرین کے مطابق جرمن فٹ بال ٹیم کے قومی کوچ یوآخم لُووو کی جانب سے ٹیم کی تشکیل کا تجربہ کامیاب نہیں رہا۔ قومی کوچ نے یوکرائن کے خلاف میچ میں دو فارورڈ، پانچ مڈ فیلڈر اور تین فل بیک کھلاڑیوں سے ٹیم تشکیل دی تھی مگر اسے یوکرائن کے کھلاڑیوں نے تہس نہس کر کے رکھ دیا۔ جرمن ٹیم دوسرے ہاف میں گول برابر کرنے میں کامیاب رہی۔

یوکرائن کے خلاف میچ کے لیے قومی کپتان فلپ لاہم کو آرام دیا گیا تھا۔ ان کے نائب باستیان شوائن اسٹائیگر انجری کی وجہ سے میچ میں شریک نہیں تھے۔ ان دونوں سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں پچاسویں میچ میں نمائندگی کرنے والے فارورڈ کھلاڑی ماریو گومیز کو کپتانی کا اضافی بوجھ بھی سونپا گیا۔

Fußball Freundschaftsspiel Ukraine gegen Deutschland November 2011
یوکرائن کی جانب سے گول کے بعد حیرانی میں مبتلا جرمن کھلاڑیتصویر: picture alliance/dpa

یوکرائن کی جانب سے میچ کا پہلا گول تجربہ کار آندری شیو چینکو (Andriy Shevchenko) نے کیا۔ یہ گول اٹھائیسویں منٹ میں کیا گیا۔ آٹھ منٹ بعد یہوین کونو پلایانکا (Yevhen Konoplyanka) نے  دوسرا گول کردیا۔ ان دو گولوں کے بعد جرمن فٹ بالر ٹونی کراؤس نے ایک گول ضرور کیا لیکن یوکرائن کے سرگئی نازارینکو  (Sergei Nazarenko)نے تیسرا گول کر کے پہلے ہاف میں جرمن ٹیم کے حوصلوں کو پست کردیا۔ دوسرے ہاف میں جرمن ٹیم نے ہمت دکھائی اور  متبادل کھلاڑی سائمن رولفس اور تھوماس ملر نے گول کر کے اپنی ٹیم کی عزت بچائی۔

جرمنی اور یوکرائن کے درمیان میچ  کی ایف کے نوتعمیر شدہ اولمپک اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ میچ کے دوران اسٹیڈیم میں ستر ہزار کے قریب لوگ موجود تھے، جو اپنی ٹیم کی شاندار انداز میں پذیرائی کر رہے تھے۔

سن 2012 کی یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کے میزبان یوکرائن اور پولینڈ ہیں۔ اس کے ڈراز کا اعلان اگلے ماہ دسمبر کی دو تاریخ کو کیا جائے گا۔ آٹھ جون سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ یکم جولائی کو یوکرائن کے دارالحکومت کی ایف کے اولمپک اسٹیڈیم میں شیڈیول ہے۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں