1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی اور انگلینڈ کا یورو 2009 کے فائنل میں ٹکراؤ

9 ستمبر 2009

جرمنی اور انگلینڈ کے درمیان کل جمعرات کو یورو ویمن فٹبال ٹورنامنٹ 2009 کا فائنل فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں کھیلا جائے گا۔ جرمن ٹیم یورو فٹبال ٹورنامنٹ کی چھ بار فاتح رہ چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/JXtR
تصویر: AP

یورو 2009 ویمن فٹبال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جرمنی نے ناروے کو تین کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر اس ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی۔ سیمی فائنل، پیر کی رات ہیلسنکی میں کھیلا گیا۔

سیمی فائنل کے آغاز سے پہلے ہاف کے اختتام تک ناروے کی ٹیم جرمن ٹیم پر بھاری دکھائی دی۔ میچ کے دسویں منٹ میں ہی ناروے کی کھلاڑی ازابیل ہارلوزین نے جرمن ٹیم کے خلاف پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی سبقت دلا دی۔ میچ کے ابتدائی منٹوں میں ایک گول کے باوجود جرمن ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے دوسرے ہاف میں زبردست واپسی کی اور ناروے کی خلاف لگاتار تین گول داغے۔

Deutsche Fußballnationalmannschaft der Frauen
جرمن فٹبال ٹیمتصویر: AP

جرمن ٹیم کی کوچ سلویہ نیڈ نے میچ کے اختتام پر کہا : ’’مجھے فائنل میں اپنی ٹیم کی جیت کی پوری امید ہے۔ جرمن ٹیم کی صلاحیتوں کا اندازہ ناروے کے خلاف سیمی فائنل کے دوسرے ہاف میں کئے گئے اسکور سے ہوتا ہے۔‘‘ جمعرات کو فائنل میں جرمنی کا مقابلہ یورپ میں اس کے سب سے بڑی حریف انگلینڈ سے ہوگا۔

انگلینڈ نے اتوار کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں ہالینڈ کو اضافی وقت میں دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم اس سے پہلے 1984ء میں اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی تھی۔

اگر جمعرات کو جرمنی کی فتح ہوتی ہے تو یہ اس طرح جرمن ٹیم اس ٹورنامنٹ میں پانچ بار لگاتار کامیابی سے ہمکنار ہونے کا ریکارڈ بنا لے گی۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: عاطف توقیر