1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: افغان پناہ گزین کے ہاتھوں ہم وطن کا قتل

عاصم سليم16 دسمبر 2015

جرمنی ميں پناہ گزينوں کی ايک عارضی رہائش گاہ ميں چاقو سے حملے کے ایک واقعے ميں ايک افغان مہاجر ہلاک ہو گيا ہے۔ حکام نے قتل کے شبے ميں اسی کيمپ میں مقیم ايک اور افغان تارک وطن کو حراست ميں لے ليا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HO6I
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Kaiser

جرمن ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق جنوب مغربی وفاقی رياست رائن لینڈ پلاٹينیٹ کے شہر ہَسلوخ کے ايک مہاجر کيمپ ميں ايک بائيس سالہ پناہ گزين کو ہلاک کر ديا گيا ہے اور پبلک براڈکاسٹر RNF کے مطابق قتل کے شبے ميں ايک چھبيس سالہ افغان مہاجر کو گرفتار کر ليا گيا ہے۔

سياسی پناہ کے ليے رواں برس اب تک ايک ملين سے زائد تارکين وطن جرمنی پہنچ چکے ہيں۔ اکثر اوقات ان کے کيپموں ميں گنجائش سے زيادہ مہاجرين ہوتے ہيں، جس کے نتیجے میں جھگڑے معمول کی بات ہيں۔ ایسے ہی ایک کيمپ ميں تشدد کا يہ تازہ ترين واقعہ پير چودہ دسمبر  کے روز پيش آيا۔

اطلاعات کے مطابق کسی نامعلوم وجہ سے شروع ہونے والی گرما گرم بحث اور پھر لڑائی کے دوران مبینہ قاتل نے مقتول کو کئی مرتبہ چاقو کے وار کر کے ہلاک کر ديا۔ چيف پراسيکيوٹر ہوبرٹ اشٹروئبر کے مطابق يہ واقعہ ايک چھوٹے مہاجر کيمپ ميں پيش آيا۔

قبل ازيں وسطی جرمن صوبے ہَيسے کے شہر کيلک ہائم ميں بھی پير ہی کے روز ايسے ہی ايک حملے ميں ايک اکيس سالہ مہاجر شديد زخمی ہو گيا تھا۔ نيوز ايجنسی ڈی پی اے کے مطابق يہ حملہ بھی چاقو سے کيا گيا اور پولیس ايک سولہ سالہ لڑکے کو حراست ميں لے چکی ہے۔