1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جدہ میں ہلاکتیں سو سے تجاوز: عوام حکومت پر برہم

29 نومبر 2009

سعودی عرب میں عوام نے جدہ شہر کی انتظامیہ پر حالیہ بارشوں کے دوران مؤثر حفاظتی اقدامات نہ کرنے سے متعلق الزامات کی بوچھاڑ کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/KkFM
تصویر: AP

اِس سعودی شہر میں رواں ہفتے بدھ کو شروع ہونی والی طوفانی بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس عرب ریاست میں میڈیا زیادہ آزاد نہیں تاہم سماجی میل ملاپ والی انٹرنیٹ کی ویب سائٹس پر ہزاروں کی تعداد میں عوام نے ناقص حکومتی انتظامات پر شدیدغم وغصہ ظاہر کیا ہے۔

انسانی حقوق کے ایک وکیل ولید ابو الخیر انہی میں سے ایک ہیں، جو جدہ کی شہری انتظامیہ کے خلاف عدالت میں مقدمہ درج کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ ان کے بقول متاثرین کے ورثاء نے انہیں حکومت کے خلاف مقدمہ قائم کرنے کے لئے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ یہ مقدمہ عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد اگلے ہفتے دائر کیا جائے گا۔

Facebok Logo
میڈیا پر پابندیوں کے باعث عوام نے انٹرنیٹ کے ذریعے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔تصویر: picture-alliance/ dpa

جدہ کی شہری انتظامیہ پر الزام ہے کہ اس نے شہر میں نکاسیء آب کا مؤثر نظام قائم نہیں کیا اور بارش کا موسم آنے سے قبل عوام کو یقین دلایا تھا کہ نکاسیء آب کا نظام معیاری ہے۔ ایسی صورتحال میں شدید بارشوں کے باعث متعدد علاقے زیر آب آ گئے، جس سے ہلاکتیں واقع ہوئیں۔ بیشتر لوگ پانی کی چھ چھ فٹ بلند لہروں کی لپیٹ میں آ گئے۔ دارالحکومت ریاض کے بعد ملک کے اس سب سے بڑے شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی تاحال بحال نہیں ہو سکی ہے۔

انٹرنیٹ سائٹ facebook پر شہری انتظامیہ کے خلاف عوامی احتجاج کے لئے مخصوص ایک صفحے پر ہزاروں سعودی شہریوں نے حکومتی بدعنوانی کو صورتحال کا ذمہ دار قرار دیا۔

بارشوں کی تباہ کاریوں کے بعد سرکاری خبر رساں ادارے SPA نے ایک خبر جاری کی تھی کہ عوام نے شہری انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا ہے۔ اس سلسلے میں جب وزیر اطلاعات عزیز کھوجا کے facebook پرشہریوں نے احتجاج ریکارڈ کرایا تو انہوں نے سرکاری خبر رساں ادارے SPA کو بے حس قرار دیا۔ بارش کا پانی اترنے کے بعد سیلاب سے تباہ شدہ عمارتوں سے مزید لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں کوئی بھی عازم حج شامل نہیں تھا۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : امجد علی