1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جبڑے کا فریکچر، ڈراوڈ ہسپتال میں

26 جنوری 2010

بھارتی سٹار بیٹسمین راہل ڈراوڈ بنگلہ دیش کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران شہادت حسین کی گیند سے زخمی ہونے کے بعد ہستپال میں داخل کر دئے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Lgio
بھارتی سٹار بلے باز راہل ڈراوڈتصویر: AP

بھارتی ٹیم منیجر ارشد ایوب کے مطابق ’’جبڑے میں معمولی نوعیت کے فریکچرز کے باعث ڈراوڈ امکاناً میچ میں مزید حصہ نہیں لے سکیں گے۔‘‘

ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن نئی گیند ملنے کے بعد بنگلہ دیشی فاسٹ بولر شہادت حسین مسلسل شاٹ پچ گیندیں ڈالتے چلے گئے۔ راہل ڈراوڈ ایسی ہی ایک باوئنسر کے شکار بنے۔ اس ٹیسٹ میچ میں ڈراوڈ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 29 ویں سنچری بھی مکمل کی۔ جب اُن کا سکور111 تک پہنچا، تو شہادت حسین کی ایک گیند ان کی ہیلمٹ سے جا لگی، جس کے نتیجے میں ان کے جبڑے کو چوٹ پہنچی۔ زخمی ہونے کے بعد ڈراوڈ نے میچ میں مزید حصّہ نہیں لیا۔

بھارتی ٹیم کے ذرائع کے مطابق ڈراوڈ کو فوراً ڈھاکہ کے سکوائر ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا۔ ڈاکٹرز کے بقول ڈراوڈ زیادہ زخمی نہیں ہیں تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت انہیں منگل یا بدھ تک ہسپتال میں ہی رکھا جائے گا۔ بھارتی ٹیم کے منیجر ارشد ایوب نے اس بات کی تصدیق کی ’’ڈراوڈ کی حالت تشویش ناک نہیں ہے۔‘‘

Rahul Dravid
اس ٹیسٹ میچ میں ڈراوڈ نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 29 ویں سنچری بھی مکمل کیتصویر: ap

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر مصطفیٰ کمال ڈراوڈ کی خبر پرسی کے لئے ہسپتال گئے، جس کے بعد اُنہوں نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ بھارتی کھلاڑی کے جبڑے میں دو معمولی فریکچر ہیں۔’’راہل ڈراوڈ کے جبڑے میں دو لائٹ فریکچرز ہیں، جس کے باعث انہیں نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ ڈراوڈ منگل یا بدھ کو ہسپتال سے فارغ کر دئے جائیں گے۔‘‘

اس وقت بنگلہ دیش اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ڈھاکہ میں دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ جاری ہے۔ سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی انڈین ٹیم کی پوزیشن دوسرے میچ میں بھی مستحکم ہے۔

ڈراوڈ نے اب تک اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 139 ٹیسٹ میچ کھیل کر 11395 رنز سکور کئے ہیں، جن میں 29 سنچریاں اور58 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ 37 سالہ ڈراوڈ نے 339 ون ڈے میچوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے۔ اس دوران ڈراوڈ نے تقریباً 40 کی اوسط سے 10765 رنز اسکور کئے ہیں، جن میں 12 سنچریاں اور 82 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ سلپ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے راہل ڈراوڈ کے ہاتھوں کو آج بھی محفوظ سمجھا جاتا ہے

راہل ڈراوڈ کو ’بیک بون‘ یعنی ریڑھ کی ہڑی، ’وال‘ یعنی دیوار اور ’مسٹر ریلائیبل‘ یعنی قابل اعتبار جیسے القابات اور خطابات سے نوازا جاچکا ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عاطف توقیر