1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس آسٹریلین اوپن کی فاتح

عابد حسین29 جنوری 2016

ٹینس کا پہلا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن اپنے اختتام کے قریب ہے۔ آج ویمن ڈبلز کا فائنل میچ بھارت کی ثانیہ مرزا اور سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس کی جوڑی نے جیت لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1HlfZ
ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس یو ایس اوپن ڈبلز چیمپئنتصویر: UNI

آسٹریلین اوپن میں ویمن ڈبلز کی ٹرافی اٹھانے والی جوڑی گزشتہ برس یُو ایس اوپن اور ومبلڈن کے فائنل میچز بھی جیت چکی ہیں۔ ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس کی جوڑی اِس وقت ویمن ڈبلز کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔ آسٹریلوی شہر ملبورن کے وسیع و عریض ٹینس کمپلیکس کے مرکزی کورٹ راڈ لیوَر ایرینا میں کھیلے گئے فائنل میچ میں چیک جمہوریہ سے تعلق رکھنے والی ٹینس پلیئرز کی جوڑی اندریا حلاواچکووا (Andrea Hlavackova) اور لُوسی حراڈچکا (Lucie Hradecka) کو دو سیٹ کے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مارٹینا ہنگس اور ثانیہ مرزا کے خلاف چیک جمہوریہ کی خواتین نے پہلے سیٹ میں زور دار مقابلہ کیا۔ پہلے سیٹ میں اندریا حلاواچکووا اور لوسی حراڈچکا نے ٹورنامنٹ کی درجہ بندی می فیورٹ قرار دی جانے والی خواتین کی جوڑی کو مشکل میں ڈال دیا تھا۔ انتہائی سخت مقابلے میں ورلڈ نمبر ون ویمن پیئرز مارٹینا ہنگس اور ثانیہ مرزا نے پہلا سیٹ 7-6 سے جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔ دوسرے سیٹ میں چیک جمہوریہ کی خواتین وہ زوردا کھیل نہیں پیش کر سکیں، جس کا مظاہرہ پہلے سیٹ میں کیا تھا اور وہ دوسرا سیٹ 6-3 سے ہار گئیں۔

Wimbledon Tennis Championships in London
ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس ومبلڈن ڈبلز چیمپئنتصویر: Reuters/UNI

اِس سے قبل ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس نے گزشتہ برس بائیس میچوں میں مسلسل کامیابی حاصل کر کے ویمن ڈبلز کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ ان میچوں میں دس ویمن ٹنیس ایسوسی ایشن کے رینکنگ ٹورنامنٹس اور دو گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ شامل تھے۔ مارٹینا ہنگس اور ثانیہ مرزا کی جوڑی گزشتہ برس مارچ میں بنی تھی۔ آسٹریلین اوپن جیتنے سے قبل اِس جوڑی نے برسبین اور سڈنی میں کھیلے گئے رینکنگ ٹورنامنٹس بھی جیتے تھے۔ چیک جمہوریہ کی جوڑی سن 2008 سے ایک ساتھ کھیل رہی ہے اور اُن کی عالمی درجہ بندی میں ساتویں پوزیشن ہے۔

بھارت اور سوئٹزرلینڈ کی خواتین ٹینس پلیئرز نے یہ تیسرا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ دونوں ٹینس اسٹار اب تک مسلسل چھتیس میچ جیت چکی ہیں۔ ویمن ٹینس ایسوسی ایشن کی نگرانی میں کھیلے جانے والے ٹینس ٹورنامنٹس میں یہ تیسری بہترین کوشش ہے۔ اُن سے قبل سن 1990 میں ژانا نوووٹنا اور ہیلین سوکووا چوالیس میچ مسلسل جیت کر دوسرا مقام رکھتی ہیں۔ خواتین ڈبلز میں مسلسل سب سے زیادہ میچ جیتنے کا ریکارڈ امریکی خاتون مارٹینا نیورالیٹووا اور پام شرائیور کے پاس ہے۔ انہوں نے سن 1983 سے سن 1985 کے دو سالہ عرصے میں 109 میچ جیتے تھے۔