1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تہور رانا کے خلاف امريکہ ميں سماعت آج سے

23 مئی 2011

امريکی شہر شکاگو ميں آج پير سے ايک پاکستانی نژاد تاجر پرمقدمہ شروع ہو رہا ہے، جس ميں سن 2008 ميں ممبئی پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کی تفصيلات ظاہر ہونے کا امکان ہے۔

https://p.dw.com/p/11LeW
ہيڈلی کی عدالتی پيشی، ہاتھ سے بنائی گئی تصوير
ہيڈلی کی عدالتی پيشی، ہاتھ سے بنائی گئی تصويرتصویر: AP

امريکی وکلائے استغاثہ کے مطابق کينيڈين شہريت رکھنے والے پاکستانی تاجر تہوّررانا ممبئی کے حملوں ميں ملوث تھے۔ اندازہ ہے کہ اس مقدمے سے، ممبئی کے حملوں ميں پاکستانی خفيہ ايجنسی آئی ايس آئی کے بعض اہلکاروں کے مبينہ کردار پر بھی روشنی پڑ سکتی ہے۔

امريکہ ميں پاکستانی تاجر تہوّر رانا پرشروع ہونے والا يہ مقدمہ ايک ايسے وقت ہو رہا ہے جب اسامہ بن لادن کی موت کے بعد پاکستان اور امريکہ کے تعلقات بہت مشکل مرحلے ميں ہيں اور پاکستان پر ان الزامات کی شدت ہے کہ اُس کے حکام کو بن لادن کے ٹھکانے کا علم تھا اور وہ شدت پسندوں سے جنگ ميں اپنی ذمہ دارياں صحيح طرح سے پوری نہيں کر رہا ہے۔

شکاگو ميں امريکہ کی ايک ڈسٹرکٹ کورٹ ميں وکلائے استغاثہ اور رانا کے وکلائے صفائی آج پير کو اپنے اپنے دلائل پيش کريں گے۔

ممبئی کے ريلوے پليٹ فارم پر خون اور مسافروں کا سامان
ممبئی کے ريلوے پليٹ فارم پر خون اور مسافروں کا سامانتصویر: AP

امريکی پاکستانی روابط ايک عرصے سے بد اعتمادی کا شکار ہيں اور اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے خفيہ امريکی فوجی مشن نے جلتی پر تيل کا کام کيا ہے۔ امريکہ ميں يہ بحث شدت سے جاری ہے کہ اربوں ڈالرکی مدد کے باوجود ہمسايہ ملک افغانستان ميں جنگ کے سلسلے ميں پاکستان پر اعتماد کرنے ميں مشکلات کا سامنا ہے۔ اور پاکستان ميں يہ شديد گلہ پايا جاتا ہے کہ امريکہ پاکستان کی خود مختاری اور قومی حميت کے احساسات کا کوئی لحاظ نہيں رکھتا۔

کينيڈا کی شہريت کے حامل پاکستانی نژاد رانا ايک اميگريشن سروس کے مالک ہيں۔ اُن پر الزام ہے کہ اُنہوں نے ايک امريکی ڈيوڈ ہيڈلی کو وسائل اور ايک ايسی فرضی داستان مہيا کی جس کی آڑ ميں ہيڈلی نے ممبئی ميں پاکستانی عسکريت پسند گروپ لشکر طيبہ کے حملے کے ليے اہداف تلاش کيے۔ ہيڈلی نے اس پاکستانی گروپ کے حملے کے ليے ممبئی ميں نشانے تلاش کرنے کے الزام کا اعتراف کر ليا ہے۔ اس مقدمے ميں کليدی گواہ سمجھے جانے والے ہيڈلی نے سزائے موت اور کسی دوسرے ملک کے حوالے کيے جانے سے بچنے کے ليے اقبال جرم کرليا ہے۔

تاج ہوٹل پر حملوں کے بعد دھواں بلند ہو رہا ہے
تاج ہوٹل پر حملوں کے بعد دھواں بلند ہو رہا ہےتصویر: AP

ہيڈلی نے تفتيشی حکام کو بتايا ہے کہ اُس نے ممبئی ميں حملوں کے اہداف سے متعلق معلومات کس طرح پاکستانی عسکريت پسندوں کو پہنچائيں جنہوں نے ان معلومات کی مدد سے دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کی۔ ممبئی کے حملوں ميں 160 سے زيادہ افراد ہلاک ہوئے تھے جن ميں چھ امريکی بھی شامل تھے۔ ہيڈلی نے يہ بھی بتايا ہے کہ عسکريت پسندوں کے پاکستان کی اہم خفيہ سروس آئی ايس آئی کے اہلکاروں سے روابط تھے۔

اس مقدمے کی کارروائی ميں اس بات پر گہری نظر رکھی جائے گی کہ آئی ايس آئی کے جن اہلکاروں نے مبينہ طورپرممبئی کے دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی ميں حصہ ليا وہ اس خفيہ سروس کےايسےعناصر تھے جنہوں نے خود اپنے طور پر ايسا کيا اور يا پھر وہ بھارت کے خلاف پاکستانی سوچ اور سرگرميوں کے تانے بانے کا ايک حصہ ہيں۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ رانا نے ہيڈلی اور ميجر اقبال نامی ايک شخص کے درميان پيغام رسانی بھی کی تھی، جس کے بارے ميں کہا جاتا ہے کہ وہ آئی ايس آئی سے منسلک ہے۔ اقبال اور ايک پاکستانی فوجی افسر اُن چھ پاکستانيوں ميں شامل ہيں جن پر الزامات ہيں ليکن ان ميں سے کوئی بھی زيرحراست نہيں ہے۔

رانا کے وکلاء کا کہنا ہے کہ وہ يہ ثابت کريں گے کہ ہيڈلی نے رانا کو يہ دھوکہ ديا تھا کہ وہ پاکستانی حکومت کے ليے کام کر رہا تھا اوريہ کہ اس سارے منصوبے کا مقصد کسی قسم کا تشدد يا دہشت گردی نہيں تھی۔

رپورٹ: شہاب احمد صديقی

ادارت، مقبول ملک