1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی لینڈ ’ شفیق باپ‘ سے محروم ہو گیا

13 اکتوبر 2016

تھائی لینڈ کے بادشاہ بھومی پون اَدن یادیت اٹھاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ تھائی شاہی محل کے مطابق اَدن یادیت بنکاک کے سری راج ہسپتال میں ایک طویل عرصے سے زیر علاج تھے۔

https://p.dw.com/p/2RCSD
Thailand König Bhumibol Adulyadej
 بادشاہ بھومی پون اَدن یادیت تصویر: Getty Images/AFP/P. Kittiwongsakul

 بادشاہ بھومی پون اَدن یادیت نے گزشتہ کئی برسوں کے دوران زیادہ تر عرصہ بیماری کی حالت میں دارالحکومت بنکاک کے سری راج ہسپتال میں گزارا۔ انہیں کئی بیماریاں تھیں۔ ان کی صحت یابی کے لیے عوامی سطح پر کئی مرتبہ دعائیں بھی کی جاتی رہیں۔ وہ عوام میں بہت مقبول تھے اور انہیں تھائی عوام کا شفیق باپ بھی کہا جاتا تھا۔  تھائی لینڈ کی سماجی کلچر میں انہیں انتہائی مقدس سمجھتے ہوئے ایک دیوتا کی طرح ان کی تقریباً پوجا کی جاتی تھی۔

تھائی شاہی محل کے بیان میں کہا گیا کہ بھومی پون اَدن یادیت کا انتہائی پرسکون انداز میں انتقال ہوا۔ وہ پانچ دسمبر 1927ء کو امریکی ریاست میساچیوسٹس کے شہر کیمبرج میں پیدا ہوئے تھے۔ انہیں 1946ء میں اس وقت تاج کے لیے منتخب کیا گیا، جب ان کے بیس سالہ بھائی بادشاہ انندا ماہیدول محل کے ایک کمرے میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ ان کی ہلاکت سر پر گولی لگنے سے ہوئی تھی۔ تاہم یہ واقعہ اب تک ابھی تک ایک معمہ بنا ہوا ہے۔ بھومی پون اَدن یادیت  1948ء میں ایک ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے ان کی داہنی آنکھ  سے بینائی چلی گئی تھی۔

Thailand Trauer um König Bhumibol
تھائی بادشاہ کی رحلت پر عام لوگ گریہ کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/dpa/R. Yongrit

 وہ گزشتہ ستر برس سے زائد عرصے سے تھائی تخت پر براجمان تھے۔ اس طرح وہ دنیا میں طویل ترین عرصے تک بادشاہ رہنے والے فرماں روا کے عہدے پر فائز رہنے والے تھے۔ بظاہر بومی پن کا تھائی سیاست میں علامتی کردار تھا لیکن در پردہ محل اور شاہی کونسل کا بہت زیادہ سیاسی اثر و رسوخ تھا۔ کوئی بھی حکومت بادشاہ کی خیر خواہی کے بغیر زیادہ عرصے تک چل نہیں سکتی تھی۔ ماہرین کے مطابق بھومی پون اَدن یادیت نے اس دوران کئی سیاسی بحران دیکھے اور انہوں نے ہمیشہ ملک و قوم کو متحد رکھنے کے لیے اپنے اختیارات کا استعمال کیا۔ اس دوران دوسری عالمی جنگ کے بعد کے بعد سرد جنگ کا دور انتہائی سخت تھا، جب تھائی لینڈ کے پڑوسی ممالک کمیونزم کے زیر اثر چلے گئے تھے۔