1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بینک ڈکیتی کے خفیہ منصوبے کا پرشور انجام

26 ستمبر 2010

یورپی ملک البانیہ میں پولیس نے طویل عرصے تک ایک بینک میں ڈاکہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کرنے والے دو ایسے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن کا منصوبہ ان کے زیر استعمال ڈرل مشین کے شور کی وجہ سے دھرے کا دھرا رہ گیا۔

https://p.dw.com/p/PMny
تصویر: DW

البانوی دارالحکومت تیرانہ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ان دونوں ملزمان نے شہر کے ایک شاپنگ سینٹر میں واقع ایک بینک کو لوٹنے کا پلان بنایا اور اس مقصد کے لئے انہوں نے اس بینک کی عمارت سے عین ایک منزل اوپر ایک دکان بھی کرائے پر لے لی تھی۔

پھر اسی ہفتے ایک رات انہوں نے اپنی دکان کے فرش میں ایک ڈرل مشین کے ذریعے یہ سوچ کر سوراخ کرنے کی کوشش کی کہ ایک منزل نیچے بینک کے اس کمرے میں پہنچ سکیں، جہاں نقد رقوم رکھی جاتی ہیں۔

Roma in Albanien
البانیہ میں غربت خاصی زیادہ ہےتصویر: AP

یہ ملزمان بینک کے لاکر روم تک پہنچنے ہی والے تھے کہ ڈرل مشین کے مسلسل اور بے تحاشا شور نے پولیس کو چوکنا کر دیا۔ تیرانہ میں پولیس کے سربراہ ٹونین ووکائی کے بقول ’’طویل منصوبہ بندی‘‘ کرنے والے یہ ڈاکو بینک کے لاکر روم سے ایک فلور اوپر اپنی دکان کے فرش میں اتنا بڑا سوراخ کر چکے تھے کہ وہ اپنے مقصد کے حصول سے زیادہ دور نہیں تھے۔

لیکن پھر رات کے سناٹے میں بند شاپنگ سینٹر کے اندر ڈرل مشین کے شور کا تعاقب کرتے کرتے پولیس اہلکار وہاں پہنچ گئے، جہاں یہ دونوں ملزمان ’مصروف کار‘ تھے۔ نتیجہ رنگے ہاتھوں گرفتاری اور ڈرل مشین کے ضبط کئے جانے کی صورت میں نکلا، جس کے بعد یہ دونوں ’عقلمند مجرم‘ اب جیل میں ہیں اور ایک عدالت میں پیش کئے جانے کے انتظار میں ہیں۔

تیرانہ سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق بینک میں ڈکیتی کی یہ ناکام کوشش معروف مغربی اداکار اور ہدایت کار Woody Allen کی فلم Small Time Crooks کی کہانی سے بہت مماثلت رکھتی ہے، اور ’’عین ممکن ہے کہ اب جیل میں بند دونوں ملزمان نے اس طرح بینک میں ڈاکہ ڈالنے کا منصوبہ یہ فلم دیکھنے کے بعد ہی بنایا ہو۔‘‘

البانیہ زیادہ تر مسلمان آبادی والی اور بحیرہء آڈریا کے علاقے کی ایک ایسی یورپی ریاست ہے، جس کی مجموعی آبادی 3.2 ملین بنتی ہے اور جو انتہائی حد تک غربت کا شکار ہے۔ البانیہ کے مختلف شہروں میں ملک کے سولہ تجارتی بینکوں کی مختلف شاخوں میں، جہاں سکیورٹی انتظامات اکثر برائے نام ہی ہوتے ہیں، گزشتہ چند برسوں کے دوران مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں واضح اضافہ ہو چکا ہے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں