1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیرون ملک سفر کے لیے دیگر زاد راہ کے ہمراہ ادویات بھی ضروری

5 دسمبر 2011

یورپ میں موسم سرما کے دوران سردی کی شدت اور دھوپ کی کمی کے باعث اکثر یورپی باشندے گرم ملکوں کی سیاحت کا پروگرام بناتے ہیں تاہم ماہرین کے بقول انہیں اپنے زاد راہ میں ادویات بھی لے جانی چاہییں۔

https://p.dw.com/p/13Mir
تصویر: picture-alliance/Wildlife

جرمنی میں فارماسسٹس کی ایسوسی ایشن نے بیرون ملک روانہ ہونے والے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سامان میں دیگر اشیاء کے علاوہ ایک بنیادی میڈیکل کٹ بھی رکھیں کیونکہ تیسری دنیا کے اکثر ملکوں میں اہم ادویات آسانی سے نہیں ملتیں۔

ایسوسی ایشن کی اہلکار ارسلا سیلر برگ کا کہنا ہے، ’’ہمراہ جانے والے طبی سامان کا انحصار سفر کی منزل اور نوعیت پر ہوتا ہے۔ ایک مہم جویانہ سفر پر روانہ ہونے والے بیک پیکرز کو جن ادویات کی ضرورت پڑ سکتی ہے وہ ان سے قطعی مختلف ہو سکتی ہیں جو بچوں کے ہمراہ تفریح کے لیے ساحل سمندر پر جانے والے کسی خاندان کے لیے ضروری ہو سکتی ہیں۔‘‘

Flash-Galerie Tod durch Kekse
ماہرین صحت کے مطابق سفر پر روانگی سے قبل ایک بنیادی میڈیکل کٹ سامان میں رکھنا ضروری ہےتصویر: Fotolia/Spectral-Design

تاہم بعض ادویات ایسی ہیں جن کی تمام مسافروں کو ضرورت پیش آ سکتی ہے۔ ان میں بخار پر قابو پانے والی گولیاں، دافِع درد گولیاں، متلی کی کیفیت اور ہیضے پر قابو پانے کی ادویات شامل ہیں۔

میڈیکل کٹ میں دھوپ سے تحفظ، جراثیم کش ادویات اور زخموں پر باندھنے والی پٹیاں بھی موجود ہونی چاہییں۔

وہ لوگ جو ملیریا سے متاثرہ علاقوں کو سفر کر رہے ہوں انہیں سفر پر روانگی سے قبل اس بات کی مکمل تحقیق کرنی چاہیے کہ آیا حفاظتی ادویات کی ضرورت پڑے گی۔ ملیریا سے بچنے والی درست ادویات کی تشخیص کے لیے انہیں ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔

ماہرین نے کہا ہے کہ سفر کے دوران ساتھ لے جائی جانے والی میڈیکل کٹ کو بُک کروانے والے سامان کی بجائے دستی سامان میں رکھنا ضروری ہے تاکہ اس کے کھو جانے سے نقصان نہ ہو۔  اسی طرح طویل عرصے کے لیے تعطیلات پر جانے والے افراد کو اپنی نصف ادویات بک کروانے والے سامان میں اور نصف کو دستی سامان میں رکھنا چاہیے۔

Symbolbild Herzschlag Herz EKG Stethoskop
ملیریا سے متاثرہ علاقوں کو سفر کرنے والے افراد کو ہمراہ لے جانے والی ادویات کے حوالے سے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیےتصویر: Fotolia/JohnKwan

ہنگامی حالات کی صورت میں متعلقہ کتابچے بھی ہمراہ رکھنا ضروری ہیں۔ طاقتور دافِع درد ادویات یا اسی طرح کی ادویات لینے والے مریضوں کو چاہیے کہ اپنے پاس ڈاکٹر کا سرٹیفکیٹ بھی رکھیں تاکہ انہیں کسٹم مراحل سے نکلتے ہوئے کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مشرق یا مغرب کو جاتے ہوئے وقت کے مختلف زونوں سے گزرنے والے مسافروں کو چاہیے کہ وہ جیٹ لَیگ کے اثرات میں کمی کرنے اور جسم کو نئے ماحول کے مطابق ڈھالنے کے لیے پہلے سے اپنی سونے کی عادات میں تبدیلی لائیں۔

ایسوسی ایشن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپنی منزل مقصود پر پہنچنے کے بعد دن کے اوقات کے مناسب استعمال سے مسافروں کو فوری طور پر اپنے جسم کو ماحول کے مطابق ڈھالنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔

رپورٹ: حماد کیانی

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں