1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کے سات سفارت خانوں کی ویب سائٹس ہیک

8 نومبر 2016

یورپ اور افریقہ میں واقع بھارت کے سات سفارت خانوں کی ویب سائٹس کو ہیک کر کے اُن کا ڈیٹا آن لائن جاری کر دیا گیا ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق ہیکنگ کے اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/2SJpp
Symbolbild Hacker Datendiebstahl Überwachung Computer
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Pape

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ہیکرز نے اٹلی، سوئٹزرلینڈ، رومانیہ، جنوبی افریقہ، لیبیا، ملاوی اور مالی میں قائم بھارتی سفارت خانوں کی ویب سائٹس کو ہیک کیا۔ ان ہیکرز نے میڈیا کے سامنے خود کو "Kaputsky and Kasimierz L"  کے نام سے متعارف کرایا ہے۔

بھارت کی وزارت خارجہ کے ترجمان وِکاس سوارپ نے صحافیوں کو بتایا، ’’ہم اس مسئلے سے آگاہ ہیں اور اسے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘

بھارتی حکام کوشش کر رہے ہیں کہ اُن ہیکرز کا آئی پی ایڈریس معلوم کیا جائے جنہوں نے بھارتی سفارتی عملے کے بعض اہلکاروں کے نام، ای میل ایڈریس، فون نمبر اور پاسپورٹ نمبر آن لائن جاری کیے ہیں۔

Symbolbild Hacker
گزشتہ ماہ پاکستانی ہیکرز نے بھارت کی 7000 ویب سائٹس کو نشانہ بنایا تھاتصویر: picture alliance/dpa/K.-J. Hildenbrand

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق رواں برس بھارت کی بہت سی ویب سائٹس سائبر حملوں کی زد میں آ چکی ہیں۔ گزشتہ ماہ پاکستانی ہیکرز نے بھارت کی 7000 ویب سائٹس کو نشانہ بنایا تھا۔ یہ حملے اُس وقت کیے گئے جب بھارت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے پاکستان کے اندر شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔

اس کے علاوہ رواں برس اکتوبر میں بھارت میں قریب 3.2 ملین ڈیبٹ کارڈز کی سکیورٹی اُس وقت خطرے میں پڑ گئی تھی جب ہیکرز نے ایک اے ٹی ایم نیٹ ورک کے ذریعے ایک مال ویئر( ڈیٹا چوری کرنے والا سافٹ ویئر) کمپیوٹرز میں داخل کر دیا تھا۔