بھارت کے دفاعی بجٹ میں حیران کُن اضافہ
17 فروری 2009بھارت نے آئیندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل نئے بجٹ کا اعلان کرتے ہوئے دفاعی سیکٹر کے لئے لگ بھگ ایک لاکھ بیالیس ہزار کروڑ روپے کی رقم مختص کی ہے۔
گُزشتہ برس کا دفاعی بجٹ ایک لاکھ پانچ ہزار کروڑ روپے کی رقم پر مبنی تھا۔
بھارتی پارلیمان میں سال 2009ء کا عبوری بجٹ پیش کرتے ہوئے وزیر خارجہ پرنب مکھرجی نے سلامتی کے موجودہ ماحول کو دفاعی بجٹ میں اضافے کی اہم ترین وجہ قرار دیا۔ مکھرجی کے مطابق بھارت میں سیکیورٹی کی صورتحال ابتر ہوگئی ہے۔
اس وقت وزارت خزانہ کا قلمدان بھی عبوری طور پر پرنب مکھرجی کے پاس ہے۔ مکھرجی نے ملک کی معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’ان مشکل اوقات میں جب دُنیا کی بڑی طاقتیں معاشی استحکام کے لئے جدوجہد کررہی ہیں، بھارت میں GDP یعنی مجموعی ملکی پیداوار کی شرح سات اعشاریہ ایک فی صد ہے، جس کے نتیجے میں ہم تیزی سے ترقی کرنے والی دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہیں۔‘‘
بھارت میں اسی سال عام انتخابات بھی ہورہے ہیں۔
وزیر خارجہ نے پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کانگریس کی سربراہی والی متحدہ ترقی پسند اتحاد یعنی UPA حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے عام آدمی کا خیال رکھا ہے۔
’’بھارت میں ترقی کے عمل کا فوکس عام آدمی ہے۔ عام آدمی نے یہ بھی دیکھا کہ کس طرح ہماری حکومت نے مشکل حالات میں ملک کی باگ ڈورسنبھالے رکھی ہے۔‘‘
مکھرجی نے کہا کہ ممبئی حملوں نے سرحد پار دہشت گردی کو ایک نیا موڑ دے دیا ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ کے بقول بھارت ایک مشکل دور سے گُزر رہا ہے اور ملک کی سلامتی کا مسئلہ اس وقت اہم ترین ہے۔ پرنب مکھرجی نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر ملک کی سلامتی کے حوالے سے بھارتی حکومت اور بھی رقم خرچ کرنے کے لئے ہمیشہ تیار رہے گی۔