بھارت کا پاکستان پر محدود حملے کا ممکنہ منصوبہ
9 دسمبر 2010منصوبے کے تحت بھارتی فوج کو ممبئی جیسے حملے کی صورت میں 72 گھنٹوں کے اندر پاکستان میں فورسز کو داخل کرکے محدود حملہ کرنا تھا۔ پروگرام کے مطابق حملہ اس طرح کیا جانا تھا کہ پاکستان سے جوہری جنگ نہ چھڑ سکے اور بھارتی فوج اپنا آپریشن بھی مکمل کر لے۔
وکی لیکس کی جانب سے شائع ہونے والے دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ نئی دہلی میں امریکی سفیر نے اپنے خفیہ مراسلے میں وائٹ ہاوس کو اس منصوبے سے آگاہ کیا کہ انڈین آرمی کے پاس ایسی صلاحیت موجود نہیں ہے کہ وہ پاکستان کے اندر داخل ہو، حملہ کرے اور واپس آجائے۔ انہوں نے اپنے مراسلے میں یہ بھی کہا کہ بھارت کو جنگ کے لئے تیار ہونے میں عشرے نہیں تو کئی برس ضرور لگیں گے۔
بھارت میں امریکی سفیر ٹم روئیمر نے اپنے خفیہ مراسلے میں کہا کہ پاکستان 2004 ء سے اس بھارتی منصوبے سے اگاہ ہے اور خائف نہیں ہے۔ تاہم بھارتی منصوبے پر پاکستان اور امریکہ میں تشویش ضرور پائی جاتی ہے۔ امریکی سفیر نے مزید لکھا کہ ممبئی حملوں کے بعد بھارت کے پاس پاکستان پر حملے کا موقع تھا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی میں ’’کولڈ اسٹارٹ‘‘ منصوبے پر تحقیق کرنے والے سکیورٹی امور کے ایک ماہر والٹر لیڈویگ کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ بھارتی فوج کے پاس یہ منصوبہ کسی نہ کسی شکل میں موجود ہے اور بھارتی اسٹیبلشمنٹ میں بھی کئی افراد ایسے ہیں، جو اس منصوبے کے حامی ہیں۔ ان کا کہنا ہے۔’’ کولڈ اسٹارٹ کا منصوبہ ابھی تجرباتی حالت میں ہے۔ اس منصوبے کے بارے میں قیاس آرائیاں بھی موجود ہیں لیکن اس منصوبے کی تکمیل کے لئے ایک دہائی سے زائد عرصہ درکار ہوگا۔‘‘
لیڈویگ کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی کے پاس صرف 20 فیصد بکتر بند گاڑیاں ایسی ہیں، جو رات کے اندھیرے میں دیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق ایسے منصوبوں کی کامیابی اور نقل وحمل کے لئے جن ہیلی کاپٹروں کی ضرورت ہوتی ہے، وہ بھی بھارتی افواج کے پاس مطلوبہ تعداد میں موجود نہیں ہیں۔
رپورٹ: امتیاز احمد
ادارت: کشورمصطفٰی