1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: نئی خارجہ سیکرٹری اور پاک بھارت تعلقات

رپورٹ: شامل شمس ، ادارت: امجد علی3 اگست 2009

نروپما راؤ بھارت کی نئی خارجہ سیکرٹری کا عہدہ ایک ایسے وقت سنبھال رہی ہیں، جب پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں۔ کیا وہ حالات بہتر کرنے میں اپنا کردار ادا کر پائیں گی؟

https://p.dw.com/p/J2jl
نوبر دو ہزار آٹھ کے ممبئی حملوں کے بعد پاک بھارت تعلقات کشیدگی کا شکار ہو گئےتصویر: AP

نومبر دو ہزار آٹھ میں ہوئے ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار ہو چکے ہیں گو کہ گزشتہ مہینے شرم الشیخ میں پاکستانی وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے احیاء کا اعلان کیا گیا ہے۔ شرم الشیخ میں پاکستانی اور بھارتی وزرائے اعظم کے درمیان اِس بڑی حد تک کامیاب قرار دی جانے والی ملاقات کے باوجود یہ نہیں کہا جاسکتا کہ پاک بھارت تعلقات کب معمول کی طرف آئیں گے۔

Manmohan Singh und Syed Yousuf Raza Gilani in Ägypten
پاکستانی اور بھارتی وزرائے اعظم کے درمیان مصر میں ہوئی ملاقات اور مشترکہ اعلامیے کو بھارت میں تنقید کا سامنا ہےتصویر: AP

ایک طرف بھارت میں کانگریس کی حکومت کو پاکستان کے ساتھ بات چیت دوبارہ شروع کرنے کی پالیسی پر حزبِ اختلاف کی طرف سے شدید تنقید کا سامنا ہے تو پاکستان میں بھی یہ بات طے نہیں ہو پا رہی کہ بھارت سے کس نوعیت کے تعلقات رکھے جانے چاہییں۔ اس صورتِ حال میں کانگریس کی جانب سے مقرّر کی گئی نئی خارجہ سیکرٹری نروپما راؤ سے کیا توقعات وابستہ کی جا سکتی ہیں؟

نروپما راؤ اس ہفتہ باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔ پیشے کے اعتبار سے نروپما راؤ ایک سول سرونٹ ہیں۔ مبصرین کے مطابق راؤ کے لیے مسائل کا انبار ہے اور خارجہ سیکرٹری کی حیثیت سے ان کی اولّین مشکل کانگریس حکومت کی پاکستان سے متعلق پالیسی کا داخلی سطح پر دفاع کرنا ہے۔ گو کہ راؤ کو بھارت کی نو منتخب حکومت میں شامل سیاستدانوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے اور اس حوالے سے وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا کا کردار انتہائی اہم ہے تاہم خارجہ سیکریٹریوں کا کردار کسی بھی حوالے سے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ کہا یہی جاتا ہے کہ خارجہ پالیسی طے کرنے اور اس پر عمل درآمد کرنے میں اصل اور مرکزی کردار خارجہ سیکرٹری ہی کرتے ہیں، جو کہ عموماً سول سرونٹ ہوتے ہیں۔

Bharatiya Janata Party President L.K.Advani
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ایل کے اڈوانیتصویر: AP

بھارتی پارلیمان میں گزشتہ ہفتہ ممبئی حملوں میں پاکستان کے مبینہ کردار اور اس کے بعد شرم الشیخ میں کانگریس حکومت کی جانب سے پاکستان کو اچانک ’رعایت‘ دئے جانے پر گرما گرم بحث رہی۔ حزبِ مخالف جماعت، خصوصاً بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیا۔ حزبِ اختلاف کا موقف ہے کہ ممبئی حملوں میں ملوث عناصر کو پاکستان کی جانب سے سزا دئے بغیر کانگریس کو پاکستان کے ساتھ مذاکرات پر آمادہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ بعض حلقوں کا کانگریس حکومت پر الزام ہے کہ اس نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی امریکہ کے دباؤ میں آ کر کی ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ نے ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ امریکی حکومت بارہا اپنی اس خواہش کا اظہار کرتی رہی ہے کہ پاکستان کو اپنی صلاحیتیں ملک کے شمال مغرب میں طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف استعمال کرنی چاہییں۔ اس حوالے سے ملک کی مشرقی سرحد پر بھارت کے ساتھ کشیدگی کو امریکہ ناپسند کرتا ہے۔

اس پیچیدہ صورتِ حال کو کسی بھی طور بھارتی خارجہ سیکرٹری نروپما راؤ کے لیے سہل قرار نہیں دیا جا سکتا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں