1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں ٹرینوں کے حادثے: کم از کم 20 ہلاک

کشور مصطفیٰ5 اگست 2015

بھارت میں دو ایکسپرس ٹرینوں کے پٹری سے اتر جانے کے حادثے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 100 کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔ ٹرین کی پٹریاں سیلاب کے پانی کی وجہ سے کمزور ہو چُکی تھیں۔

https://p.dw.com/p/1GA9S
تصویر: Getty Images/AFP/Str

بُدھ کو نئی دہلی حکومت کی جانب سے سامنے آنے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ غوطہ خور گیس کٹرز کی مدد سے سیلاب کے پانی میں پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بُدھ کی صبح تک 300 مسافروں کو نکالا جا چُکا تھا، جن میں سے درجنوں کو شدید زخمی حالت میں فوری طور سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

بھارتی ریلوے بورڈ کے ترجمان انیل سکسینا نے اپنے ایک بیان میں کہا،’’ہم مسافروں کو بچانے کی ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں۔ جنگ کی سی صورتحال میں امدادی کام جاری ہے۔ ہم ٹرین کے تمام ڈبوں کی چھان بین کر رہے ہیں تاکہ پھنسے ہوئے مسافروں کو باہر نکالا جا سکے‘‘۔

Indien Eisenbahn Überfüllter Zug
بھارتی ٹرینوں میں مسافروں کا ہجومتصویر: Imago

بھارت کی ریلوے کی وزارت کے مطابق دونوں ٹرینوں کی متعدد بوگیاں ریلوے پٹری سے اترنے کے بعد قریبی دریا میں جا گریں۔ ایک حادثہ رات کو اُس وقت پیش آیا، جب کامایانی ایکسپرس ممبئی سے بنارس کی طرف رواں تھی کہ اس کی 12 بوگیاں بھارت کی مرکزی ریاست مدھیہ پردیش کے نزدیک ڈسٹرکٹ ھاردا میں پٹری سے اُتر گئیں۔ تقریباً اسی وقت دوسری سمت سے آنے والی جنتا ایکسپریس کی بھی چھ بوگیاں پٹری سے اُتر گئیں۔

بھارت میں اس سال مون سون بارشوں کی شدت کے سبب مٹی کے تودے گرنے کے واقعات میں اب تک 100 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد عمارتیں منہدم ہو چُکی ہیں۔

بھارت میں محض گزشتہ سال ٹرین حادثوں میں 25 ہزار کے قریب ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔ اس کی وجہ اس جنوبی ایشیائی ایٹمی طاقت کا ریلوے کا ناقص اور فرسودہ نظام اور بھارتی ٹریننوں پر مسافروں کا حد سے زیادہ بوجھ ہے۔ بھارت کے ایک سابق ریلوے وزیر دنیش تریوردی کے مطابق اگر بھارت کی ریلوں کی پٹریوں کی مناسب دیکھ بھال ہوتی رہتی تو ُبدھ کی صبح ہونے والے ٹرین کے ان حادثات سے بچا جا سکتا تھا۔ تریوردی نے میڈیا کو بیان دیتے ہوئے کہا، ’’اس قسم کے واقعات ناقابل قبول ہیں، اس قسم کے نقائص بھارت کے ریلوے نظام کے لیے ایک ناسور اور ایک کینسر کی حیثیت رکھتے ہیں‘‘۔

Indien Delhi Budget Eisenbahn
بھارتی ٹرینوں کی پٹریاں بھی مقدوش ہو چُکی ہیںتصویر: Uni

بھارت کے وزیر ریلوے سوریش پربھو نے کہا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ سوریش پربھو آج پارلیمان میں اس حادثے پر ایک باقاعدہ بیان بھی دینے والے ہیں۔ ریلوے بورڈ کے ترجمان انیل سکسینا کے مطابق ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو دو دولاکھ روپے جبکہ شدید زخمیوں کو پچاس ہزارفی کس اور معمولی زخمیوں کو پچیس ہزار روپے فی کس کا معاوضہ دیا جائے گا۔

بھارت کے سرکاری نیٹ ورک کے ذریعے روزانہ 23 ملین مسافر سفر کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان دو ٹرین حادثوں پر شدید صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اپنےٹوئیٹ پیغام میں لکھا، ’’مدھیہ پردیش کے یہ حادثات نہایت افسوسناک ہیں۔ اتنی جانوں کے ضیاع کا مجھے گہرا دُکھ ہے‘‘۔