1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں زلزلہ، کم از کم نو ہلاک

عابد حسین4 جنوری 2016

بھارت کی شمال مشرقی ریاست مَنی پور میں آنے والے زلزلے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور دو سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے نیپال، میانمار اور بنگلہ دیش کے بعض علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

https://p.dw.com/p/1HXWw
تصویر: Reuters/N. Chitrakar

بھارت کے شمال مشرقی حصے میں آج پیر کی صبح آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.7 بتائی گئی ہے۔ زلزلے کے جھٹکوں سے کئی عمارتیں گر گئی ہیں۔ دور دراز کے علاقوں کے لیے امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔ انتظامی اہلکاروں کے مطابق پانچ افراد مَنی پور ریاست کے صدرمقام امپھال میں ہلاک ہوئے۔ بھارت میں آج صبح آنے والے زلزلے کے جھٹکے چھ سو کلومیٹر کی دوری پر واقع شہر کولکتہ میں بھی محسوس کیے گئے۔

امپھال ہی میں ایک نو تعمیر شدہ چھ منزلہ عمارت بھی زلزلے کے جھٹکے برداشت نہ کر سکی اور زمین بوس ہو گئی۔ کئی کمزور عمارتوں کے ڈھانچوں میں زلزلے کے بعد واضح دراڑیں بھی دکھائی دے رہی ہیں۔ زلزلے سے سب سے زیادہ خوف و ہراس بھی امپھال میں پایا گیا کیونکہ یہ زلزلے کے مرکز کے انتہائی قریب واقع ہے۔ بھارت کی آفتوں سے نمٹنے والے قومی ادارے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے صورت حال کی نگرانی کے ساتھ ساتھ امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ امپھال میں کم از کم پچاس ایسے افراد کو ہسپتالوں میں داخل کروایا گیا ہے جن کے سر یا بازو یا ٹانگ کی ہڈیوں میں فریکچر پایا گیا ہے۔

Nepal Kathmandu erneutes Erdbeben Stärke 7.4
زلزلے کے جھٹکے نیپال، میانمار اور بنگلہ دیش کے بعض علاقوں میں بھی محسوس کیے گئےتصویر: Reuters/N. Chitrakar

بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز مَنی پور ریاست کے ایک مقام ٹامنگلونگ کے نیچے 17 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے بھی زلزلے کے مقام کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ریاست کے صدر مقام کے جنوب مغربی سمت میں واقع ہے۔

زلزلے کے جھٹکے بنگلہ دیش، نیپال اور میانمار میں بھی محسوس کیے گئے۔ بنگلہ دیش میں تین افراد کی ہلاکت کا بتایا گیا ہے۔ تقریباً ساٹھ افراد کو زخمی حالت میں ہسپتالوں تک لایا گیا۔ بنگلہ دیش میں زوردار جھٹکوں سے عوام میں انتہائی زیادہ خوف پیدا ہوا اور لوگوں گھروں سے نکل آئے۔ بھارتی ریاست مَنی پور سے ملحقہ میانمار کے سرحدی علاقوں میں بھی اِس زلزلے کے زوردار جھٹکے محسوس کیے گئے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آسام اور گوہاٹی کے مقامی انتظامی اہلکاروں سے گفتگو کی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ بھارت کی سات شمال مشرقی ریاستیں ایسی زمینی پٹی پر واقع ہے، جہاں زلزلے کسی بھی وقت آ سکتے ہیں۔ اسی علاقے میں سن 1950ء میں شدید زلزلے کے نتیجے میں درجنوں دیہات زمین برد ہو گئے تھے۔ اِس زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر آسام کی ریاست ہوئی تھی اور ڈیڑھ ہزار سے زائد انسان لقمہٴ اجل بن گئے تھے۔