1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں تیسرے مرحلے کی پولنگ مکمل

افتخار گیلانی، نئی دہلی30 اپریل 2009

بھارت میں پندرہویں عام انتخابات کے تیسرے مرحلے کے تحت جمعرات کے روز نو ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں کے 107پارلیمانی حلقوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔

https://p.dw.com/p/HhmX
تشدد کے اکا دکا واقعات کوچھوڑ کر تیسرے مر حلے کی پولنگ نسبتا پرامن رہی۔تصویر: AP

اس مرحلے میں ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کی 543 میں سے 372 سیٹوں کے لئے پولنگ مکمل ہوگئی۔ تشدد کے اکا دکا واقعات کوچھوڑ کر پولنگ نسبتا پرامن رہی۔

تیسرے مرحلے کی پولنگ میں 101 خواتین سمیت1567 امیدوار میدان میں تھے اور جن اہم لیڈروں کی سیاسی قسمت الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بند ہوگئی۔ ان میں حکمراں متحدہ ترقی پسند اتحاد کی چیئرپرسن اور کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی ‘ اپوزیشن بی جے پی کے وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار لال کرشن اڈوانی‘ سابق وزیر اعظم اور جنتا دل سیکولر کے رہنما ایچ ڈی دیوے گوڑا‘ جنتا دل یونائیٹڈ کے صدر شرد یادو‘ سابق وزیر خارجہ جسونت سنگھ اور سابق مرکزی وزیر سید شہنواز حسین شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ تیسرے مرحلے کی پولنگ میں‘ چلچلاتی دھوپ اور زبردست گرمی کے باوجود144ملین ووٹروں میں سے تقریباﹰ 52 فیصد ووٹروں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ ابتدائی رپورٹ ہے جس میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ 16 اپریل کو پہلے مرحلے کی پولنگ میں 60 فیصد اور 23 اپریل کو دوسرے مرحلے کی پولنگ میں 55 فیصد ووٹروں نے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔

ممبئی میں امیتابھ بچن‘ عامر خان ‘ ایشوریہ رائے سمیت متعدد فلمی ستاروں نے بھی ووٹ ڈالے۔ اس مرحلے میں مجموعی طور پر درمیانی درجے کی پولنگ ہوئی اور شمالی ہند میں ایک بار پھر کم پولنگ ہوئی۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر آر بالاکرشنن نے بتایا کہ بہار‘ مدھیہ پردیش اور اترپردیش میں جہاں 45 سے 48 فیصد پولنگ ہوئی ۔ وہیں مغربی بنگال اور سکم میں سب سے زیادہ بالترتیب 64 اٰور 65 فیصدپولنگ ہوئی ۔جب کہ مہاراشٹر میں بیشتر شہری علاقوں میں پولنگ ہوئی ‘جہاں پولنگ کا فیصد 43 سے 45 رہا۔

Amir Khan Filmszene aus Lagaan Bollywood Indien Filmindustrie
جمعرات کے دن عامر خان سمیت کئی فلمی ستاروں نے بھی ووٹنگ میں حسہ لیاتصویر: AP

گجرات میں 49 اور جموں و کشمیر میں 25 فیصد پولنگ کی خبر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گجرات کے جوناگڑھ ضلع کے گیر جنگل میں صرف ایک ووٹر کے لئے پولنگ بوتھ بنایا گیا تھا جہاں 52 سالہ گروبھارت داس نے ووٹ ڈالا۔ اس کے لئے دو پولنگ اسٹاف تعینات کئے گئے تھے۔

تیسرے مرحلے کی پولنگ کے دورا ن تشدد کے اکادکا واقعات پیش آئے۔ جےسے ہی پولنگ شروع ہوئی مغربی بنگال کے پرولیا ضلع کے برماڈیہہ میں مشتبہ ماونوازوں نے پولنگ مرکز کے قریب دھماکہ کیا جس میں نیم فوجی دستوں کے دو جوان زخمی ہوگئے۔

بہار کے کٹیہار ضلع میں مونگرا میں دو امیدواروں کے حامیوں کے درمیان جھڑپ ہوگئی۔ حامیوں نے ایک دوسرے پر پتھراو کیا اور پولیس کو حالات پر قابو پانے کے لئے ہوا میں گولیاں چلانی پڑیں۔ اس واقعہ میں چار پولیس والوں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔کئی علاقوں میں لوگوں نے بجلی‘ پانی اور سڑک جیسے بنیادی سہولیات کے فقدان کے خلاف بطور احتجاج پولنگ کا بائیکاٹ کیا۔

جمعرات کو تیسرے مرحلے کی پولنگ کے ساتھ ہی شمال مشرقی ریاست سکم میں اسمبلی کی 32سیٹوں کے لئے بھی ووٹ ڈالے گئے۔