1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں باغیوں کی کارروائی چوبیس اہلکار ہلاک

16 فروری 2010

بھارتی ریاست مغربی بنگال کے ضلع مدناپور میں ماؤنواز باغیوں نے پولیس کے ایک کیمپ پر حملہ کر کے کم از چوبیس اہلکاروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

https://p.dw.com/p/M2Yr
تصویر: AP

بھارتی وزیرداخلہ پی چدم برم نے کہا ہے کہ تحقیقات کے بعد ہی وثوق کے ساتھ یہ کہا جا سکتا ہے کہ ریاست مغربی بنگال میں مسلح ماوٴ نواز ایک پولیس کیمپ پر حملہ کرنے میں کامیاب کیسے ہوئے۔ کل پیر کو مغربی بنگال کے ضلع مدناپورمیں مسلح ماوٴ نواز باغیوں نے ایک پولیس کیمپ پر حملہ کر کے سیکیورٹی فورسز کے24 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔ چدم برم نے اعتراف کیا کہ بہت سارے شعبوں میں کوتاہی ہوئی ہے۔ انہوں نے منگل کو اپنے ایک بیان میں حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

حکام کے مطابق بیس کے قریب مسلح باغی موٹر سائیکلوں پر آئے اور انہوں نے پولیس کیمپ میں موجود اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی اور دستی بم پھینکے۔ اس واقعے میں درجنوں اہلکار زخمی بھی ہوگئے، جن میں سے متعدد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

مغربی بنگال میں ماؤ نواز کمیونسٹ باغیوں نے گزشتہ سال اکتوبر میں بھی اسی نوعیت کی ایک بڑی کارروائی میں سترہ پولیس اہلکاروں کو ہلاک کردیا تھا۔ مغربی بنگال میں یہ تازہ حملہ ایسے وقت کیا گیا جب بھارتی فورسز متعدد ریاستوں سے با‌غیوں کو نکالنے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ریاست مغربی بنگال میں ایک روز قبل سرکاری دستوں کی اسی نوعیت کی ایک کارروائی میں دو باغیوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا جبکہ دس گرفتار کر لئے گئے تھے۔

Indien Bürgerkrieg Paramilitärs Naxalites
نکسل باغی عسکری مشق کرتے ہوئےتصویر: AP

پولیس کے مطابق سیکیورٹی فورس پر کیا گیا خونریز حملہ باغیوں کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کا ردعمل ہے۔ بھارت کی انتیس میں سے تقریباً تیرہ ریاستوں میں سرگرم ماؤ نواز باغی اپنی جدوجہد کو غریبوں کی حقوق کی جنگ قرار دیتے ہیں۔ ان کی قیادت کے بارے میں کسی کو واضح معلومات نہیں جبکہ ان کی مجموعی تعداد کا اندازہ دس اور بیس ہزار کے درمیان تک لگایا جاتا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ ماؤ نواز عسکریت پسندوں کو داخلی سلامتی کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دے چکے ہیں۔ بھارت میں گزشتہ سال ماؤ نواز باغیوں کے خونریز حملوں میں چھ سو سے زائد افراد مارے گئے تھے۔ نئی دہلی حکومت نے ماؤ نوازوں کی عشروں سے جاری بغاوت کے مسلسل بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو کنڑول کرنے کے لئے گزشتہ سال سات ریاستوں میں سیکیورٹی فورسز کے اضافی دستے بھی متعین کر دئے تھے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں