1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں امریکی سفیر، روئمر کی جانشین پاول

17 دسمبر 2011

امریکی صدر باراک اوباما نے پیشہ ور خاتو‌ن سفارتکار اور جنوبی ایشیا کے امور کا وسیع تجربہ رکھنے والی ماہر نینسی پاول کو بھارت میں امریکہ کی نئی سفیر نامزد کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13UhC
اپریل میں مستعفی ہو جانے والے سابق سفیر ٹموتھی روئمرتصویر: UNI

بھارت میں امریکی سفیر کا عہدہ اس سال اپریل سے خالی تھا۔ نینسی پاول پاکستان اور نیپال میں امریکی سفیر کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔ سفارتی حلقوں میں انہیں ایک ’کیریئر ایمبیسیڈر‘ قرار دیا جاتا ہے۔ یہ اعزاز بہت کم اور صرف ایسے سفارتکاروں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اعلیٰ سفارتی عہدوں پر نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔

نینسی پاول کی بھارت میں نئے سفیر کے طور پر تقرری سے متعلق اپنے ایک بیان میں امریکی صدر اوباما نے کہا کہ وہ اپنے وسیع تجربے کے ساتھ بھارت میں سفارتی ذمہ داریاں بہت اچھے طریقے سے انجام دے سکیں گی۔

Barack Obama Erklärung zu Gaddafi
امریکی صدر باراک اوباماتصویر: dapd

ماضی میں سفارتکاروں کی تقرری کے حوالے سے امریکہ کے کئی صدر زیادہ تر سیاست دانوں کو ہی نئی دہلی میں واشنگٹن کے سفیر مقرر کرتے رہے ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو سیاسی طور پر مزید نمایاں کیا جا سکے۔

تاہم اس مرتبہ صدر اوباما نے ایک تجربہ کار اور پیشہ ور سفارتکار کی تقرری کو ترجیح دی ہے۔ باراک اوباما نے اس سے پہلے امریکی کانگریس کے ایک سابق رکن ٹموتھی روئمر کو بھارت میں امریکی سفیر مقرر کیا تھا۔

انہوں نے اس سال مارچ میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ٹموتھی روئمر نے اپنے استعفے کی وجہ یہ بتائی تھی کہ انہوں نے اپنی تقرری کے وقت صرف اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ وہ محض دو سال کے عرصے تک بھارت میں امریکی سفیر کے فرائض انجام دیں گے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں