1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت امریکہ تعلقات: مذاکرات کا نیا دور

3 جون 2010

امریکہ اور بھارت کے درمیان سول جوہری معاہدے کے بعد سے تعلقات نے ایک نیا موڑ لیا تھا۔ اب امریکہ بھارت سٹریٹیجک ڈائیلاگ کے عمل کو باقاعدگی دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/NgDr
بھارتی وزیرخارجہ ایس ایم کرشنا اپنی امریکی ہم منصب ہلیری کلنٹن کے ساتھتصویر: AP

بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا اور امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن جمعرات کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی مشترکہ طور پر صدارت کر رہے ہیں۔ یہ میٹنگ بھارت امریکہ سٹریٹیجک مذاکراتی عمل کی اولین نشست کا ایک حصہ ہے۔ بظاہر اس میٹنگ کی شروعات بدھ سے شروع ہو چکی ہیں۔ ابتدائی اجلاس سے امریکہ کے نائب وزیر خارجہ ولیم برنس نے خطاب کیا۔ ابتدائی اجلاس کا مقام امریکی صدر کی رہائش گاہ ، وائٹ ہاؤس کے پہلو میں واقع مرکز برائے خارجہ تعلقات تھا۔

ولیم برنس نے اپنے خطاب میں ان شکوک و شہبات کا اثر زائل کرنے کی کوشش جو اس مناسبت سے گردش کر رہے ہیں کہ اوباما نے منصب صدارت سنبھالنے کے بعد امریکہ بھارت تعلقات کو سابق صدر بش کے دور کی سطح سے نیچے کردیا ہے۔ برنس کا کہنا تھا کہ عالمی منظر نامے پر بھارت کی اقتصادی قوت اور صنعتی ترقی امریکہ کے سٹریٹیجک مفاد میں ہے۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ اوباما انتظامیہ امریکہ اور بھارت کے درمیان ممکنہ پارٹنر شپ کو مزید مضبوط کرنے کی بھرپور کوشش جاری رکھے گی۔

Barack Obama in Cairo
امریکی صدرباراک اوباماتصویر: AP

جمعرات کو امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اپنے بھارتی ہم منصب ایس ایم کرشنا اور ان کے وفد کے اعزاز میں امریکی وزارت خارجہ کی عمارت میں ایک استقبالیہ دیں گی۔ ایسے امکانات سامنے آئے ہیں کہ امریکی صدر باراک اوباما خاص طور پر اس میں شریک ہوسکتے ہیں۔

اس دوران بھارتی وزیر خارجہ نے امریکی چیمبر برائے تجارت میں امریکی ٹریڈرز اور کاروباری حضرات سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارتی سرگرمیوں میں فروغ سے، امریکہ بھارت تعاون کو بھی استحکام اور وسعت حاصل ہو گی۔ کرشنا کا خیال ہے کہ مالی کساد بازاری کے مکمل خاتمے کے بعد آنے والے سالوں میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی رابطوں کو مزید پائیداری یقنی طور پرحاصل ہو گی۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں