1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعات

بھارتی کشمیر میں چار ’پاکستانی‘ جنگجو ہلاک

25 ستمبر 2017

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ملکی فوج نے دو روزہ کارروائی کے نتیجے میں چار مشتبہ جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ جھڑپیں متنازعہ کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر رونما ہوئیں۔

https://p.dw.com/p/2kfLN
Indien Anschlag Kashmir
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS.com

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی فوج کے حوالے سے پچیس ستمبر بروز پیر بتایا ہے کہ بھارتی فوج نے پاکستان اور بھارت کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے قریب ہی متعدد کارروائیوں میں چار مشتبہ جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔

پاکستان نے دنیا کو دہشت گرد، بھارت نے ڈاکٹرز دیے، سشما سوراج

بھارتی بمباری سے کم از کم چھ پاکستانی ہلاک، 26 زخمی

کشمیر میں دو مشتبہ علیحدگی پسند ہلاک، بھارتی پولیس

کشمیری باغی رہنما کی تدفین میں پاکستانی پرچم لہرائے گئے

اے ایف پی نے بھارتی پولیس اور مقامی آبادی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہفتے کے دن مخبری کی گئی تھی کہ لائن آف کنٹرول پر کچھ مشتبہ مسلح جنگجو موجود ہیں، جس کے بعد بھارتی سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ تین مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران سکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔ بتایا گیا ہے کہ تین مشتبہ جنگجو ہفتے کے دن تین مختلف مقامات پر رونما ہونے والی جھڑپوں میں مارے گئے۔ ایک کارروائی بھارتی زیر انتظام کشمیر میں واقع ایک مسجد کے قریب بھی کی گئی۔

پولیس کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق، ’’تینوں جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ پاکستانی تھے۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے ایک بڑے دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔‘‘

بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ چوتھے جنگجو کی ہلاکت اس علاقے کے سرچ آپریشن کے دوران اتوار کو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ان جھڑپوں کے نتیجے میں چار شہری اور ایک فوجی بھی زخمی ہوا۔

یہ امر اہم ہے کہ بھارتی حکومت الزام عائد کرتی ہے کہ لائن آف کنٹرول کو عبور کرتے ہوئے پاکستانی میں موجود جنگجو بھارتی کشمیر میں حملے کرتے ہیں۔ تاہم پاکستانی حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی ہے۔ اسلام آباد حکومت کا کہنا ہے کہ وہ کشمیریوں کی مزاحمت میں انہیں صرف سفارتی مدد و تعاون ہی فراہم کرتی ہے۔

سن انیس سو نوے کے بعد سے بھارتی زیر انتظام کشمیر میں شروع ہونے والی کشمیریوں کی مزاحمت اور سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں تقریبا ستر ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس متنازعہ علاقے پر پاکستان اور بھارت دونوں ہی اپنا حق جتاتے ہیں جبکہ اس معاملے پر دونوں جوہری طاقتوں کے حامل ممالک تین جنگیں بھی لڑ چکیں ہیں۔