1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی کشمیر میں مسلح جھڑپ، تین افراد ہلاک

5 مارچ 2017

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ایک مسلح جھڑپ کے بعد بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے۔ اس جھڑپ میں دو باغی اور بھارت کی انسداد بغاوت پولیس کا ایک اہلکار ہلاک ہوئے۔

https://p.dw.com/p/2YfqA
Indien Kaschmir Soldat
تصویر: picture-alliance/AP Photo/C. Anand

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ بات بھارتی پولیس کی طرف سے آج اتوار پانچ مارچ کو بتائی گئی ہے۔ کشمیری علاقے ترال کے پولیس سربراہ ایس پی وید کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے کے بعد حکومتی فورسز نے ترال کے علاقے میں گزشتہ شب ایک عام شہری کے گھر کو گھیرے میں لے لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کے باغیوں کی طرف سے گھیرا توڑنے کے لیے گرینیڈ پھینکے گئے اور آٹو میٹک ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی جس کا نتیجہ جھڑپ کی صورت میں نکلا۔

ایس پی وید کے مطابق اس جھڑپ کے دوران دو باغی اور انسداد بغاوت پولیس کا ایک اہلکار مارا گیا جبکہ ایک فوجی افسر سمیت کم از کم تین دیگر سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بھارتی زیر انتظام کشمیر میں سرگرم کسی علیحدگی پسند گروپ کی طرف سے فوری طور اس واقعے کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

باغیوں اور سکیورٹی فورسز کی لڑائی کے دوران اس علاقے کے لوگوں نے متعلقہ مقام کی طرف جانے کی کوشش کی تو عوام اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ بھارتی فورسز نے اس دوران پتھراؤ کرنے والے مظاہرین پر پیلٹ گنوں سے فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل برسائے۔ تاہم زخمیوں کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہوئیں۔

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ برس ایک نوجوان علیحدگی پسند کمانڈر برہان وانی کی بھارتی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے وہاں بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین کے خلاف فائرنگ، پیلٹ گنوں اور تشدد کے استعمال کے باعث ایک سو کے قریب کشمیری ہلاک جبکہ سینکڑوں نوجوان بینائی سے محروم یا شدید زخمی ہو چکے ہیں۔

مسلمانوں کی اکثریت رکھنے والا کشمیر کا خطہ بھارت اور پاکستان کے درمیان منقسم ہے اور دونوں ممالک اس پورے متنازعہ خطے پر اپنا حق جتاتے ہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بھارتی زیر انتظام کشمیر کے باشندوں کی اکثریت کشمیر کی بھارت سے آزادی یا پاکستان کے ساتھ الحاق کے حق میں ہے۔

علیحدگی پسند کشمیر میں بھارتی اقتدار کے خلاف 1989ء سے لڑ رہے ہیں اور اس دوران بھارتی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں 68 ہزار سے زائد کشمیری ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے اکثریت عام افراد کی ہے۔