1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی پولیس مین: بہادری کے میڈل کے لیے خود پر فائرنگ

23 مارچ 2011

بھارتی میڈیا کے مطابق مشرقی ریاست راجستھان میں ایک ایسا پولیس اہلکار ہسپتال میں زیر علاج ہے، جس نے بہادری کے صلے میں انعام حاصل کرنے کے لیے اپنے آپ کو ہی گولی مار کر زخمی کر لیا۔

https://p.dw.com/p/10g4E
تصویر: AP

نئی دہلی سے ملنے والی رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ مہیش راج گورو نامی اس پولیس اہلکار نے دعویٰ کیا تھا کہ اس پر چھ مسلح لیکن نامعلوم افراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی تھی۔ راج گورو کے مطابق اس پر یہ حملہ اس وقت کیا گیا، جب وہ راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں ایک سابقہ سیاستدان کے گھر کے سامنے سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہا تھا۔

بھارتی خبر ایجنسی PTI کے مطابق راج گورو نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ گزشتہ اتوار کی رات اس سابقہ سیاستدان کے گھر کے سامنے اس پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور اس واقعے کے بعد ایک کار میں سوار ہو کر وہاں سے فرار ہو گئے تھے۔

اس واقعے کے بعد پولیس کے ایڈیشنل کمشنر ارون ماکیہ نے بتایا کہ اعلیٰ پولیس افسران اس مبینہ حملے کی اطلاع ملنے کے بعد جب موقع پر پہنچے تو انہیں نہ صرف زخمی پولیس اہلکار کے بیانات میں تضاد ملا بلکہ ’حملے کی جگہ‘ سے ملنے والے شواہد بھی بڑے مشکوک تھے۔

Indien Flash-Galerie Commonwealth Games
تصویر: AP

ارون ماکیہ کے مطابق بعد ازاں اس پولیس اہلکار نے یہ اعتراف کر لیا کہ اس کی طرف سے سکیورٹی ڈیوٹی کے دوران کسی حملے یا مسلح افراد کی طرف سے فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔ مہیش راج گورو نے یہ اعتراف بھی کیا کہ اس نے اپنے آپ کو خود ہی گولیاں مار کر زخمی کر لیا تھا تاکہ بعد میں اپنے لیے بہادری کے صلے میں انعام کا حقدار بن سکے۔ اس پولیس مین نے اپنے پیٹ اور بازو میں تین گولیاں ماریں۔

آج بدھ کے دن تک وہ جے پور کے مان سنگھ گورنمنٹ ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق راج گورو نے اپنے ابتدائی بیان میں یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ حملہ آوروں نے اسے دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی تھی، جس کے بعد ایک گولی اس کے پیٹ میں لگی اور دو بازو میں۔

پولیس کے مطابق اعلیٰ اہلکاروں کو مبینہ حملے کی جگہ سے صرف تین گولیوں کے خول ملے۔ وہ تینوں خود راج گورو کی اپنی بندوق سے چلائی گئی تھیں۔ مزید چھان بین پر تفتیشی افسران کو راج گورو کے رہائشی کوارٹر سے منشیات بھی ملیں۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں