1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فورسز کی گولہ باری، کم از کم نو شہری ہلاک

23 نومبر 2016

پاکستانی حکام کے مطابق بھارتی فورسز نے پاکستان کے زیر کنٹرول کشمیر میں ایک بس کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم نو شہری ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ نیوز ایجنسی اے پی نے ہلاکتوں کی تعداد گیارہ بتائی ہے۔

https://p.dw.com/p/2T6DC
Pakistan Neun tote Zivilisten bei indischen Schüssen auf Bus
تصویر: Getty Images/AFP/S. Qayyum

نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق پاکستان کے زیر کنٹرول کشمیر کی وادی نیلم میں بھارتی فورسز نے ایک مسافر بس کو نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم گیارہ شہریوں کے ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مقامی پولیس عہدیدار جمیل میر نے نیوز ایجنسی روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے بس کو ’چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں‘ سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایک مقامی افسر سردار وحید خان کے مطابق زخمیوں کو مقامی ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے اور ان کی طبی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

پاکستانی فوج  نے ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعداد سات بتائی ہے جبکہ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق کم از کم نو شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

Indien Pakistan Tote nach Angriff auf indisches Militärlager
تصویر: Getty Images/AFP/T. Mustafa

پاکستانی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق بھارت کی ’بلا اشتعال‘ فائرنگ اور گولہ باری کے جواب میں بھارتی فورسز کی چوکیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بھارتی فوج کے ایک ترجمان کرنل جوشی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی فورسز کی فائرنگ کا جواب دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ رواں ہفتے دونوں ملکوں کے مابین جھڑپوں کے نتیجے میں پندرہ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

گزشتہ روز بھارتی فوج نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ پاکستانی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول عبور کرتے ہوئے تین بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ حملہ آوروں نے ایک بھارتی فوجی کے جسم کے اعضاء بھی کاٹ دیے ہیں۔ پاکستانی فوج نے فوری طور پر اس بھارتی الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایسی کسی بھی کارروائی میں ملوث نہیں ہیں۔ گزشتہ روز  بھارت کی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا کا کہنا تھا، ’’ اس بزدلانہ حملے کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔

پاکستان میں مقامی انتظامیہ کے افسر سردار وحید کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایمبولینسوں کو بھی جائے حادثہ پر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق لائن آف کنٹرول کے چند مقامات پر فائرنگ کا شدید تبادلہ جاری ہے۔