1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فورسز کی ایک اسکول وین پر شیلنگ، ایک ہلاک

16 دسمبر 2016

پاکستان نے بھارتی فورسز پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں متنازعہ علاقے کشمیر میں ایک اسکول وین پر شیلنگ کی ہے، جس کے نتیجے میں وین کا ڈرائیور ہلاک جبکہ آٹھ بچے زخمی ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2UNDd
Indien Pakistan Tote nach Angriff auf indisches Militärlager
تصویر: Getty Images/AFP/T. Mustafa

حکام کے مطابق یہ واقعہ پاکستان کے زیر کنٹرول کشمیر کے نکیال سیکٹر کے ایک دیہات میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ بھارتی اور پاکستانی سکیورٹی فورسز کے مابین وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ ایک اعلیٰ حکومتی اہلکار ذیشان حیدر کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’نکیال سیکٹر میں بھارتی فورسز کی طرف سے فائر کیا گیا ایک گولہ بچوں کی اسکول لے جانے والی وین کو لگا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور شہید ہو گیا ہے جبکہ آٹھ بچے زخمی ہیں۔‘‘

دوسری جانب نئی دہلی حکومت یا پھر بھارتی فورسز نے اس حوالے سے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

ذیشان حیدر کے مطابق جس وین کو نشانہ بنایا گیا، وہ ایک نجی اسکول کے بچوں کو لے جا رہی تھی۔ ڈرائیور تو موقع پر ہی ہلاک ہو گیا لیکن زخمی بچوں کو شیلنگ کے باوجود قریبی ہسپتال میں پہنچا دیا گیا ہے۔ زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں دس سے پندرہ برس کے مابین بتائی گئی ہیں۔

نکیال ہسپتال کے ایک ڈاکٹر محمد نصراللہ خان نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بچوں کو داغے گئے ایک گولے کے لوہے کے ٹکڑوں سے زخم آئے ہیں لیکن ان میں سے کسی کی بھی حالت تشویش ناک نہیں ہے۔

نکیال سیکٹر کے ایک پولیس افسر کا اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زخمی ہونے والوں میں پانچ بچیاں اور تین لڑکے شامل ہیں۔

جب بھی بھارت اور پاکستان کے مابین تعلقات مین کشیدگی پیدا ہوتی ہے تو لائن آف کنٹرول پر دو طرفہ فائرنگ اور شیلینگ کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ حالیہ کچھ عرصے سے جاری ایسے ہی واقعات کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درجنوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسی طرح نومبر میں بھی بھارتی فورسز کی شیلنگ سے ایک مسافر بس پر سوار کم از کم نو افراد ہلاک جبکہ دیگر سات زخمی ہو گئے تھے۔