1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی زیر انتظام کشمیر کے وزیراعلیٰ مفتی سعید انتقال کر گئے

افسر اعوان7 جنوری 2016

بھارتی زیر انتظام کشمیر کے وزیراعلیٰ مفتی سعید 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ بھارت نواز کشمیری رہنما مفتی سعید گزشتہ دو ہفتوں سے نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

https://p.dw.com/p/1HZY3
Mufti Mohammed Sayeed
تصویر: picture-alliance/dpa/Singh

نئی دہلی کے ہسپتال ذرائع کے مطابق مفتی سعید کو سانس کی ایک بیماری کے سبب 24 دسمبر کو ہسپتال میں لایا گیا تھا۔ ان کی جماعت کے رہنما اور کشمیر کے وزیر تعلیم نعیم اختر کے مطابق مفتی سعید کا انتقال نمونیہ کے سبب ہوا ہے۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (PDP) کے سربراہ مفتی سعید کو گزشتہ برس مارچ میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی کے بعد دوسری مرتبہ بھارتی زیر انتظام جموں و کشمیر کا وزیراعلیٰ بنایا گیا تھا۔ وہ 2002ء سے 2005ء کے درمیان بھی یہ ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔ مفتی سعید نے لواحقین میں ایک بیوہ، تین بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔

مفتی سعید نے پی ڈی پی کی بنیاد 1999ء میں رکھی تھی اور اس وقت ان کی بیٹی محبوبہ مفتی اس جمات کی سربراہ ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امید کی جا رہی ہے کہ محبوبہ مفتی کو اب بھارتی کشمیر کا وزیراعلیٰ بنایا جائے گا۔

مفتی سعید کو 1989ء میں بھارت کا وزیر داخلہ بنایا گیا تھا اور وہ بھارت تاریخ میں پہلے مسلمان وزیر داخلہ تھے۔ اسی برس ان کی بیٹی محبوبہ مفتی کو کمشیری عسکریت پسندوں نے اغواء کیا تھا۔ ان کی رہائی جیلوں میں قید پانچ کمشیری عسکریت پسندوں کی رہائی کے بدلے عمل میں آئی تھی۔

جموں وکشمیر میں انتخابات کے بعد مفتی سعید کی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد میں شامل ہوئی تھی
جموں وکشمیر میں انتخابات کے بعد مفتی سعید کی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد میں شامل ہوئی تھیتصویر: picture alliance/AP Photo/Anand

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے مفتی سعید کے انتقال پر اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا گیا ہے، ’’مفتی صاحب کے انتقال سے قوم اور جموں وکشمیر میں ایک بڑا خلاء پیدا ہو گیا ہے۔ ان کی مثالی لیڈر شپ کا لوگوں کی زندگی گہرا اثر تھا۔‘‘

گزشتہ برس بھارتی جموں وکشمیر میں انتخابات کے بعد مفتی سعید کی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، نئی دہلی میں برسر اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد میں شامل ہوئی تھی۔

جموں و کشمیر کا خطہ پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازعہ اور تقسیم ہے۔ دونوں ممالک اس پورے خطے پر اپنا حق جتاتے ہیں۔ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں مختلف گروپ وقتاﹰ فوقتاﹰ بھارت سے الگ ہونے یا پاکستان کے ساتھ شامل ہونے کے لیے مسلح جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے علیحدگی پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں اب تک ہزاروں کشمیری ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر تعداد سویلین کی ہے۔