1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی انتخابات: چار ریاستوں میں نکسل باغیوں کے حملے

خبر رساں ادارے16 اپریل 2009

نکسل باغیوں نے چار ریاستوں میں پرتشّدد کارروائیاں سرانجام دی ہیں، جن میں کئی سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت اب تک سترہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/HYEs
بھارت میں کم از کم چار ریاستوں میں نکسل باغیوں کا اثر ہےتصویر: AP

بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے میں لوک سبھا کی 124 نشستوں کے لئے ووٹنگ جاری ہے۔ نکسل باغیوں کی طرف سے پرتشّدد کارروائیوں اور شدید گرمی کے باعث اڑیسہ اور چھتیس گڑھ ریاستوں میں ووٹنگ کی شرح دوپہر تک پندرہ فی صد رہی تاہم سہ پہر تک پولنگ شرح میں اضافے کی توقع کی جارہی ہے۔

نکسلیوں نے ریاست جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ میں پولنگ کے عمل کو متاثر کرنے کے لئے کئی حملے کئے۔ جھارکھنڈ کے لاتیہار اور چھتیس گڑھ کے مانگنر پولنگ سٹیشنوں پر نکسل باغیوں نے فائرنگ بھی کی۔ لاتیہار میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں سرحدی حفاظتی فورس BSF کے پانچ اہلکاروں سمیت سات افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ریاست بہار میں ووٹنگ کی شرح 30 جبکہ چھتیس گڑھ میں 25 فی صد رہی۔

Die indische Rote Armee
نکسل باغی اکثر انتخابات کے موقع پر اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہیںتصویر: AP

پولنگ آج جمعرات کی صبح سات بجے شروع ہوئی اور شام پانچ بجے تک جاری رہے گی لیکن سلامتی کے اعتبار سے حساس اور نکسل متاثرہ علاقوں میں تین بجے تک ہی ووٹ ڈالے گئے۔

بھارتی پارلیمان کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا میں کل 543 نشستیں ہیں۔ جن ریاستوں میں آج ووٹنگ ہورہی ہے ان میں اتر پردیش، بہار، جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، اروناچل پردیش، منی پور، شورش زدہ ریاستیں جموّں و کشمیر اور آسام، اڑیسہ، ناگالینڈ، آندھراپردیش، میگھالیہ، اور کیریلہ شامل ہیں۔

عام انتخابات کا پوراعمل پانچ مرحلوں میں مکمل ہوگا۔ انتخابات کے پانچویں اور آخری مرحلے میں تیرہ مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔