1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بڑا سودا مکمل: جرمن کمپنی بائر نے امریکی ’مونسانتو‘ خرید لی

امجد علی14 ستمبر 2016

ادویات اور فصلوں کے لیے کیمیکلز بنانے والی جرمن کمپنی بائر نے 66 ارب ڈالر کے عوض امریکی کمپنی ’مونسانتو‘ خرید لی ہے۔ یہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے کسی جرمن کمپنی نے کسی دوسری کمپنی کے بدلے اتنی بڑی رقم نہیں دی۔

https://p.dw.com/p/1K20l
Bild-Kombo Bayer Monsanto
یہ سودا اس سال کا سب سے بڑا سودا ہے، اب تک کسی بھی جرمن کمپنی نے کوئی دوسری کمپنی خریدنے کے لیے اتنی بڑی رقم نہیں دی

یہ سودا جتنا بڑا ہے، اُتنا ہی شاید متنازعہ بھی ہے، جس کی وجہ امریکی کمپنی مونسانتو کی بُری شہرت ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے ماحول پرست حلقے امریکی ریاست میسوری کے شہر سینٹ لوئیس میں قائم اس کمپنی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ مونسانتو دنیا بھر میں بیجوں اور کیڑے مار ادویات کی تیاری کے حوالے سے ہی نہیں بلکہ جینیاتی طور پر تبدیل شُدہ مصنوعات کے اعتبار سے بھی صفِ اوّل کی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے۔

خود امریکا میں ’مونسانتو‘ کی ساکھ بری نہیں کیونکہ خوراک و زراعت کی امریکی صنعت خود کو ایک ایسی اختراعی صنعت کے طور پر پیش کرتی ہے، جو ایک روز پوری دنیا کو خوراک فراہم کرنے کے قابل ہو گی۔ مونسانتو کے مطابق زراعت اور پیداوار کے روایتی طریقوں کی مدد سے دنیا بھر کے لیے کافی مقدار میں خوراک کی فراہمی ممکن نہیں ہے۔

اس کے برعکس جرمنی میں جینیاتی طور پر تبدیل شُدہ مصنوعات کو طاقتور لابنگ کے ذریعے قبولِ عام کی سند دلوانے کی متنازعہ کوششوں کی وجہ سے مونسانتو کو فرینکنسٹائن کی طرز پر ’فرینکن کارن‘ کہا جاتا ہے۔

مونسانتو اُن جرمن حلقوں کے لیے دشمن نمبر ایک کی حیثیت اختیار کر چکی ہے، جو امریکا اور یورپی یونین کے درمیان مجوزہ آزادانہ تجارت کے معاہدے TTIP کی مخالفت کر رہے ہیں۔

بائر نے تیسری مرتبہ اپنی پیشکش کو بہتر بناتے ہوئے اور ایک شیئر کے لیے ایک سو اٹھائیس ڈالر دیتے ہوئے یہ سودا مکمل کیا ہے۔ اس سودے کے نتیجے میں ایک ایسی کمپنی وجود میں آ گئی ہے، جس کا بیجوں اور کیڑے مار ادویات کی عالمی منڈی میں حصہ پچیس فیصد سے بھی زیادہ ہو گا۔

نگران اداروں کی طرف سے اس سودے کو منسوخ کیے جانے کی صورت میں بائر کو مونسانتو کو دو ارب ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔ خود بائر کے کئی ایک شیئر ہولڈرز اس سودے سے زیادہ خوش نہیں ہیں کیونکہ اُنہیں یہ سودا ایک تو بہت مہنگا لگ رہا ہے اور دوسرے وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اس سے بائر کا ادویات بنانے کا اصل کاروبار متاثر ہو گا۔ نگران اداروں کے ساتھ ساتھ ابھی بائر کے شیئر ہولڈرز کی جانب سے بھی اس سودے کی منظوری باقی ہے۔

Mexiko Protest gegen Monsanto
21 مئی 2016ء کو میکسیکو میں ایک مظاہرے کے دوران جینیاتی طور پر تبدیل شُدہ خوراک تیار کرنے والے سرکردہ ادارے مونسانتو کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہےتصویر: Reuters/T. Bravo

بائر کو توقع ہے کہ 2017ء کے آخر تک اس سودے کی ہر لحاظ سے تکمیل ہو جائے گی اور تب بائر ایگرو کیمیکلز کے شعبے میں دنیا کی نمبر ایک کمپنی بن جائے گی۔ اس سودے کی خبریں منظرِ عام پر آنے کے بعد دونوں کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید