1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بن لادن کی بیویوں سے امریکی حکام کی تفتیش، سی این این

13 مئی 2011

امریکی ٹیلی وژن سی این این نے پاکستانی اور امریکی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسیوں نے اسامہ بن لادن کی تین بیواؤں سے تفتیش کی ہے۔

https://p.dw.com/p/11FHO
تصویر: AP

خفیہ امریکی آپریشن کے دوران اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد اسامہ کی تین بیویوں کو پاکستانی سکیورٹی حکام نے حراست میں لے لیا تھا۔ سی این این کی اطلاعات کے مطابق اسامہ کی بیگمات کو ایک گروپ کی شکل میں انٹرویو کیا گیا۔

سی این این نے ایک پاکستانی اور دو امریکی اہلکاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی تفتیش کاروں کی طرف اسامہ بن لادن کی بیویوں کا ردعمل واضح طور پر ’معاندانہ‘ تھا۔ اس تفتیشی انٹرویو کے دوران پوچھے گئے تمام سوالات کا جواب اسامہ بن لادن کی سب سے بڑی بیوی نے دیے۔ اس دوران پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے اہلکار بھی موجود رہے۔

اسامہ بن لادن کو ایک امریکی خفیہ آپریشن کے ذریعے دو مئی کو ایبٹ آباد میں ہلاک کیا گیا تھا
اسامہ بن لادن کو ایک امریکی خفیہ آپریشن کے ذریعے دو مئی کو ایبٹ آباد میں ہلاک کیا گیا تھاتصویر: picture alliance/abaca

سی این این نے امریکی اور پاکستانی حکومتوں کے حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے اور اسامہ بن لادن کی ہلاکت کی وجہ سے دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے درمیان تناؤ کے باوجود ’انٹیلیجنس شیئرنگ‘ کا سلسلہ جاری ہے۔

واشنگٹن کی طرف سے اسلام آباد سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے شکوک وشبہات کو کم کرنے کے لیے اسامہ کی پاکستان میں موجودگی کی مکمل تحقیقات کی جائیں، مزید یہ کہ پاکستانی حکام کے زیر حراست اسامہ بن لادن کی بیواؤں سے تفتیش کی اجازت دی جائے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اسامہ بن لادن کے روپوش رہنے اور القاعدہ نیٹ ورک کی کارروائیوں اور ان میں اسامہ بن لادن کے کردار کے حوالے سے بن لادن کی بیواؤں سے اہم معلومات مل سکتی ہیں۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں