1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بن لادن کا سراغ لگانے کے لیے سی آئی اے کی پولیو مہم

12 جولائی 2011

ایبٹ آباد میں اُسامہ بن لادن کی موجودگی کی تصدیق کرنے کے لیے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے نے انسداد پولیو مہم چلائی تھی، جس کے نگراں ڈاکٹر ان دنوں پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کی تحویل میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/11tLA
تصویر: picture alliance/Ton Koene

برطانوی اخبار دی گارڈین نے اپنے تازہ شمارے میں انکشاف کیا کہ سی آئی نے ایبٹ آباد میں پولیو ویکسینیشن کی مہم چلائی تھی۔ اخبار کے مطابق ڈاکٹر شکیل آفریدی کو اس مہم کی نگرانی کا ذمہ دیا گیا تھا، جنہوں نے پہلے اردگرد کی متوسط آبادی میں مہم چلائی اور پھر اِس کا دائرہ بلال ٹاؤن نامی اُس علاقے تک پھیلا دیا جہاں القاعدہ کے سربراہ کی موجودگی کا شبہ تھا۔

ڈاکٹر شکیل کے متعلق بتایا جا رہا ہے کہ وہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی سے تعلق رکھتے ہیں اور بھاری رقم کے بدلے ایبٹ آباد میں یہ مہم چلانے پر تیار ہوئے۔ اخبار کے مطابق انہوں نے مقامی انتظامیہ کو ملائے بغیر اپنے طور پر محکمہ ء صحت سے وابستہ مقامی عملے کو فراخدلی سے رقم دی اور انسداد پولیو و انسداد ہیپاٹائٹس کی مہم چلائی۔

اخبار کے مطابق کمانڈو ایکشن کے پرخطر کام سے قبل امریکی حکومت ڈی این اے کے ذریعے ایبٹ آباد میں اسامہ کی موجودگی کی تصدیق کرنا چاہتے تھی۔ امریکی اہلکاروں کے پاس اُسامہ کی بہن کے ڈی این اے کا نمونہ پہلے سے موجود تھا اور پولیو مہم کے ذریعے وہ ایبٹ آباد کے اُس مکان میں موجود بچوں کے ڈی این اے کا نمونہ حاصل کرنا چاہتے تھے۔ پاکستانی ذرائع کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ ایک نرس کو بن لادن کے گھر کے اندر تک رسائی مل گئی تھی تاہم وہ وہاں سے ڈی این اے کا نمونہ حاصل کرنے میں مبینہ طور پر ناکام رہی۔

Time Cover Serie mit rotem Kreuz FLASH Galerie
اسامہ کی ہلاکت کی بعد جاری کیے گئے ٹائم جریدے کے سرورق پر القاعدہ کے لیڈر کی تصویر چھاپی گئی تھیتصویر: DW-Montage/Time-Magazine

بتایا جا رہا ہے کہ یہ ویکسینیشن پروگرام اس وقت ترتیب دیا گیا جب امریکی جاسوسوں نے القاعدہ کے ایک کارکن ابو احمد الکویتی کو ایبٹ آباد میں بن لادن کے گھر تک آتے ہوئے ٹریک کیا۔ رپورٹ کے مطابق سی آئی اے نے سیٹیلائٹ اور ایبٹ آباد میں واقع اپنے ایک محفوظ ٹھکانے سے بن لادن کے گھر پر نظریں رکھی ہوئی تھی۔

پاکستانی حکام کو اس معاملے کی تفصیلات اُس وقت معلوم ہوئیں جب بن لادن کی ہلاکت کے بعد معاملے کی تفتیش کا آغاز کیا گیا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں