1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بحران کا شکار

17 ستمبر 2008

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے انڈین کرکٹ لیگ سے معاہدہ کرنے والے تیرہ بنگلہ دیشی کرکٹرز پر دس دس سال کی پابندی عائد کردی ہے۔ پابندی کا فیصلہ ڈھاکہ میں ملکی کرکٹ بورڈ نے اپنےایک ہنگامی اجلاس کے دوران کیا۔

https://p.dw.com/p/FKBW
ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے سابق بنگلہ دیشی کپتانتصویر: AP

بورڈ کے ترجمان ربید امام کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کی مکمل اطلاع نہیں ہے کہ اب تک کتنے کھلاڑی آئی سی ایل سے معاہدہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب اگرکوئی بھی کھلاڑی غیرمنظورشدہ لیگ میں شمولیت اختیار کرے گا تو اس پر خود بخود دس سال کی پابندی عائد ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آئی سی سی کے آئین کی خلاف ورزی کرنے والے ان تیرہ کھلاڑیوں کے خلاف مزید کارروائی کے بارے میں بھی غور کر رہا ہے۔

منگل کے روزآئی سی ایل کے دوسرے مرحلے کی تقریب رونمائی کے موقع پر ڈھاکہ واریئرز کے نام سے ایک نئی ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا جس میں تیرہ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے تین سال کی مدت کے لئے معاہدہ کیا ہر کھلاڑی کو آئی سی ایل کھیلنے پر دو دو لاکھ ڈالر ملیں گے۔ بنگلہ دیشی بورڈ کے اس اعلان کے بعد جن کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا ان میں سابق کپتان حبیب البشر، شہریار نفیس، دھیمان غوش، محمد رفیق، الوک کپالی، آفتاب احمد، فرہاد رضا، منجورالاسلام، معبود چوہدری، محبوب الکریم، محمد شریف، مشرف حسین اور تپاش بیسیا شامل ہیں۔