بنگلہ دیش میں ہنگامی حالت کا اختتام
17 دسمبر 2008بنگلہ دیش میں بارہ دِن بعد عام انتخابات کا انعقاد ہو نا ہے۔ عبوری حکومت کے نے وعدے کے مطابق ایمرجنسی ملک سے اٹھا لی ہے۔ اب یہ اہم ہے کہ کیا عبوری حکومت انتیس دسمبر کے الیکشن کے نتیجے میں منتخب ہونے والی سیاسی قیادت کے حوالے اقتدار کردے گی یا اُس میں لیت و لال کیا جائے گا۔
بظاہر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ عبوری حکومت پوری طرح تیار ہے کہ وہ اقتدار عوامی نمائندوں کو سونپتے ہوئے حکومتی منظر سے کنارہ کش ہو جائے گی۔ انتیس دسمبر سے قبل ایمرجنسی کا نفاذ ملک کی تمام سیاسی پارٹیوں کا بھی مطالبہ تھا۔
انتخابی مہم ایک طرح سے گزشتہ جمعرات سے شروع ہے۔ بڑی سیاسی جماعتوں بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی اور عوامی لیگ نے ووٹروں سے رابطوں کا آغاز کردیا ہے۔ دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کی خاتون لیڈروں خالدہ ضیا اور شیخ حسینہ سابقہ وزرائے اعظم ہیں اور اُن کو مالی بد عنوانیوں کے مقدمات کا سامنا ہے۔ دونوں لیڈر ضمانتوں پر رہا ہیں۔
بنگلہ دیش میں ایمرجنسی کا نفاذ جنوری سن دو ہزار سات میں ہوا تھا۔ عبوری حکومت میں براہ راست فوج سامنے نہیں تھی لیکن پس پردہ فوجی ہاتھ محسوس کئے جاتے رہے ہیں۔ ایمرجنسی کا نفاذ صدر اعجاز الدین احمد نے کیا تھا۔ اُس وقت سارا ملک الیکشن اصلاحات کے خلاف گلیوں اور سڑکوں پر ہنگاموں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھا۔ اُن ہنگاوں میں معصوم انسانی جانوں کا بھی ضیاع ہوا تھا۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد پینتیس تھی۔
الیکشن اصلاحات کے مطابق ووٹرز کی فوٹو رجسٹریشن کی گئی ہے جس سے سوا کروڑ جعلی ووٹروں کے نام خارج کئے گئے ہیں جو سابقہ الیکشن میں اہم کردار ادا کرتے تھے۔
بنگلہ دیش میں ایمرجنسی اٹھائے جانے کا اعلان، آزادی کے دِن سے ایک روز بعد کیا گیا ہے۔ یوم آزادی پر فوج کے سربراہ جنرل معین یُو احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی کے بعد سے مسلسل فوج ملک میں امن و سلامتی کے قیام کی کوششوں میں مصروف رہی ہے اوراقوام متحدہ کی کمانڈ میں بھی وہ یہ کردار مختلف ملکوں میں سرانجام دے رہی ہے۔ وہ ملکی سیاست میں کسی کردار کی طلب گار نہیں ہے۔
دوسری جانب انتیس دسمبر کے انتخابات کے لئے سکیورٹی کو چوکس کردیا گیا ہے۔ ویسے بنگلہ دیش کے طول و عرض میں حکومتی راہ داریوں کے علاوہ گلی محلوں میں بھی لوگ اسلامی انتہاپسندوں کی جانب سے کسی دہشت گردانہ کارروائی کا احساس رکھتے ہیں۔ بتگلہ دیش کے لیکشن کمیشنر سخاوت حسین کے مطابق تین لاکھ سکیورٹی اہلکار عام انتخابات کے لئے قائم ہونے والے پینتیس ہزار پولنگ سٹیشنوں پر تعینات کئے جائیں گے۔ قومی پولیس کے سربراہ نور محمد کا بھی خیال ہے کہ الیکشن اور انتخابی مہم کے دوران صورت حال کنٹرول میں رہے گی اور کوئی ناخوشگوار واقعہ اِس دوران رونما نہیں ہو گا کہ جس سے انتخابی عمل متاثر ہو۔
بنگلہ دیش کے سیاسی تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ عوامی جھکاؤ شیخ حسین کی عوامی لیگ کی جانب دکھائی دیتا ہے اور جس سے اُن کے عام انتخابات میں کامیابی کے واضح نشانات مل رہے ہیں لیکن انتخابی مہم کے دوران ہوا تبید ہو سکتی ہے۔