بنکاک حالات بدستور کشیدہ
29 نومبر 2008عوامی اتحاد برائے جمہوریت سے تعلق رکھنے والے ملکی اپوزیشن کے حامی یہ ہزارہا مظاہرین حکومت کو مستعفی ہونے پر مجبور کرنے کے لئے گذشتہ کئی ہفتوں سے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں۔ اسی دوران دوہزار کے قریب مظاہرین نے بنکاک کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے باہرایک پولیس چوکی پر موجود اہلکاروں کو وہاں سے پسپائی پر مجبور کردیا۔ تھائی وزیراعظم نےپولیس کو مظاہرین کے خلاف طاقت استعمال نہ کرنے کا حکم دے رکھا ہے مگروہ اپنے عہدے سے مستعفی ہونے پر تیار نہیں ہیں۔
اس سے قبل ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں تھائی وزیر اعظم نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے طاقت استعمال نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تھائی وزیراعظم سومچائے وونگسوات نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس کو حکومت مخالفین کومنتشر کرنے کے لئے معتدل طریقہ استعمال کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ایمرجنسی نافذ کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا۔ ساتھ ہی سومچائے نے یہ بھی کہا کہ حکومت حزب اختلاف عوامی اتحاد برائے جمہوریت کے رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات بھی کرنا چاہتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بنکاک کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرپولیس کے مسلح دستوں کی تعداد میں اضافےکے باوجود مظاہرین کو روکنت میں سخت دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔
بنکاک میں اپوزیشن کے حامی ہزار ہا مظاہرین نے تین دنوں سے شہر کے دونوں ہوائی اڈوں پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل تھائی وزیر اعظم نے مظاہرین کے خلاف پولیس کو تمام تر اختیار دیتے ہوئے کہا تھا کہ مظاہرین سے سختی سے نمٹا جائے گا۔