1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنکاک ائیر پورٹ باقاعدہ طور پر کھول دیا گیا

ندیم گل5 دسمبر 2008

تھائی لینڈ کے مرکزی ہوائی اڈے کو آٹھ روز کی بندش کے بعد آج باقاعدہ طور پر کھول دیا گیا۔ تاہم بیشتر مسافروں کو اپنی پروازوں کے لیے ابھی مزید انتظار کرنا ہوگا۔

https://p.dw.com/p/GA7t
تھائی لینڈ کے مرکزی ہوائی اڈے کو آٹھ روز کی بندش کے بعد آج باقاعدہ طور پر کھول دیا گیا۔تصویر: AP

حکومت مخالف مظاہرین نے 25 نومبر سے بنکاک کے اس ایئرپورٹ کا محاصرہ کر رکھا تھا۔ بنکاک ائیرپورٹ پر آج پروازیں بحال ہوئیں تو وہاں ایک ہفتے سے زائد عرصے سے پھنسے تین لاکھ مسافروں نے سکون کا سانس لیا۔ تھائی حکام ملکی سیاسی عدم استحکام کا نمونہ دیکھنےو الے ان سیا‌حوں کی خوب آؤ بھگت میں لگے ہیں تاکہ وہ غیرملکیوں پر میزبانی کے لیے اپنے روایتی تاثر کو قائم رکھ سکیں۔

Proteste in Thailand Bangkok
بنکاک ائیرپورٹ پر آج پروازیں بحال ہوئیں تو وہاں ایک ہفتے سے زائد عرصے سے پھنسے تین لاکھ مسافروں نے سکون کا سانس لیا۔تصویر: AP

آج ایئرپورٹ پر پہنچنے والے مسافروں کو مہمانان خصوصی کا درجہ حاصل رہا۔ روایتی رقص اور موسیقی کے ساتھ ان کا استقبال کیا گیا جبکہ وزارت سیاحت کے حکام نے انہیں پہنچنے والی تکلیف پر معذرت بھی کی۔ اس موقع پر مسافروں کو مفت کافی اور کھانا بھی فراہم کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر موجود مسافروں کا کہنا تھا:

"شکر ہے کہ میں بلآخر آسٹریلیا اپنے گھر جارہا ہوں۔ ظاہر ہے میں بے حد خوش ہوں۔"

Touristen reisen wieder nach Thailand nach den Unruhen
حکومت مخالف مظاہرین نے 25 نومبر سے بنکاک کے اس ایئرپورٹ کا محاصرہ کر رکھا تھا۔تصویر: AP

" یقینا اب بہت سے لوگ ایک تو تھائی لینڈ آنے سے گریز کریں گے۔ تاہم مجموعی طور پر میرا وقت یہاں بہت اچھا گزرا۔"

تاہم بنکاک ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی متعدد پروازیں ابھی تک منسوخ ہیں جس کے باعث ہزاروں مسافروں کو تکلیف کا سامنا ہے۔

بنکاک میں چار ارب ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیے گئے Suvarnabhumi International Airport پر حکومت مخالف مظاہرین ہفتہ بھر سے زائد تک قابض رہے۔ اس عرصے میں تمام فلائٹس منسوخ رہیں۔ تاہم People's Alliance for Democracy سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے بدھ کے روز احتجاج ختم کیا جب تھائی لینڈ کی عدالت نے وزیر اعظم Somchai Wongsawat کی سیاسی جماعت کو تحلیل کرتے ہوئے ان کے سیاست میں حصہ لینے پر پانچ سال کی پابندی عائد کر دی۔ تاہم اس عرصے میں سیاحت پر انحصار کرنے والی تھائی لینڈ کی معیشت کو سخت دھچکا لگا۔


مختلف رپورٹس کے مطابق ابھی تک بنکاک ایئرپورٹ کی سرگرمیاں 50 فیصد ہی بحال ہوئی ہیں جبکہ تھائی لینڈ کے وزیر ٹرانسپورٹ Santi Prompat نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ایئرپورٹ سو فیصد بحال ہو چکا ہے۔ تھائی لینڈ کے ہوائی اڈوں کے قائم مقام ڈائریکٹر Serirat Prasutanont نے بتایا کہ آج بنکاک ایئرپورٹ پر پہنچنے اور یہاں سے روانہ ہونے والی فلائٹس کی تعداد 547 ہے۔

دوسری جانب یورپی یونین اور امریکہ سمیت چھ دیگر ممالک کے حکام نے تھائی لینڈ میں ہوائی اڈوں کے گھیراؤ پر تشویش ظاہر کی اور تھائی حکام پر زور دیا کہ ملکی ہوائی اڈوں پر حفاظتی انتظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ دوبارہ ایسا واقعہ پیش نہ آئے.


اُدھر تھائی لینڈ کے عوام آج اپنے بادشاہ Bhumibol Adulyadej کی 81ویں سالگرہ منائی۔ ہیں۔ تاہم بادشاہ نے جمعرات کے روز خلاف معمول اپنی سالگرہ سے ایک روز قبل قوم سے خطاب نہیں کیا۔ ان کے بجائے Crown Prince Varjiralongkorn نے ریڈیو پر اعلان کیا کہ ان کے والد بیمار ہیں۔